قصور (نمائندہ نوائے وقت) ضلع میں 15روزہ خصوصی صفائی مہم ”صفائی نصف ایمان ہے“کا آغاز کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو /ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سیدہ تہنیت بخاری کی زیر نگرانی ضلع بھر میں 15روزہ خصوصی صفائی مہم ”صفائی نصف ایمان ہے“ کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں چیف افسر میونسپل کارپوریشن عمران اصغر سندھو کی قیادت میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں پی ایس او ٹو ایڈمنسٹریٹر اکمل حسین، چیف سینٹری انسپکٹر فیصل جمیل، میونسپل کارپوریشن کے دیگر ملازمین اور شہریوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیف افسر میونسپل کارپوریشن کا کہنا تھا کہ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سیدہ تہنیت بخاری کی زیر نگرانی خصوصی صفائی مہم کے دوران سڑکوں، سیوریج نالوں، تنگ گلیوں، گنجان علاقوں، سبزی و فروٹ منڈیوں، بس اسٹینڈز، قبرستانوں کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میرے دفتر میں ایک کنٹرول روم جس کا نمبر 049-9250225ہے قائم کر دیا گیا جہاں آنیوالی شکایات کو چوبیس گھنٹوں میں حل کیا جا رہا ہے۔