وزیراعظم کا ماہ رمضان میں ناداروں کو مفت آٹا فراہم کرنے کا پیکیج 

Mar 09, 2023


وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت پنجاب نے مہنگائی کے ستائے غریب عوام کےلئے بڑا رمضان پیکیج تیار کیا ہے جس کے تحت غریب گھرانوں کو مفت آٹا فراہم کیا جائےگا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت پنجاب میں رمضان پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کے جائزہ اجلاس میں لیا گیا۔ پہلے مرحلے میں صوبہ پنجاب میں غریب ترین لوگوں کو خصوصی رمضان پیکیج کے تحت مفت آٹا فراہم کیا جائیگا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر پنجاب ماڈل کی طرز پر ملک بھر میں رمضان پیکیج کی غریب عوام کو فراہمی کےلئے وفاق صوبوں کو ہرممکن تعاون فراہم کرےگا۔ دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بھی رمضان المبارک میں عوام کو اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کےلئے جامع پلان طلب کرلیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ابھی سے بہترین حکمت عملی تیار کی جائے اور متعلقہ محکمے اشیائے ضروریہ کی طلب ورسد کے ساتھ قیمتوں میں استحکام کےلئے ورکنگ پلان مرتب کریں۔ 
غریب گھرانوں کو مفت آٹے کی فراہمی کا یہ اپنی نوعیت کا پہلا پیکیج ہے جو وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر تیار کیا گیا ہے۔ وفاق اور پنجاب نگران حکومت کی جانب سے مہنگائی کے ستائے عوام کو ماہ رمضان میں ریلیف دینے کا عزم جہاں قابل ستائش ہے وہیں غریب عوام کو کچھ ریلیف ملنے کی امید بھی پیدا ہوئی ہے۔ مگر اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ ہر حکومت کی جانب سے ماہ رمضان سے قبل عوام کو ریلیف دینے کے دعوے کئے جاتے ہیں‘ان دعوﺅں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کو متحرک کیا جاتا ہے‘ پرائس کنٹرول کمیٹیاں تشکیل دی جاتی ہیں‘ مختلف علاقوں میں رمضان بازار لگائے جاتے ہیں مگر عوام کو کہیں سے ریلیف ملتا نظر نہیں آتا۔ حتیٰ کہ یوٹیلٹی سٹوروں پر بھی اشیائے ضروریہ انہی نرخوں پر فروخت ہورہی ہوتی ہیں جن نرخوں پر عام بازاروں میں عوام خریدنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ ماہ رمضان میں عوام کو سستی اشیاءفراہم کرنا حکومت کیلئے ٹیسٹ کیس ہے۔ ذخیرہ اندوزوں‘ منافع خوروں اور مصنوعی مہنگائی کرنیوالے مافیاز کیخلاف کارروائی عمل میں لا کر اور عوام کو سستی اشیاءفراہم کرکے ہی اس ٹیسٹ کیس میں سرخرو ہواجا سکتا ہے۔ عوام کی مشکلات کا حکومت کو بخوبی اندازہ ہے‘ اس لئے اسے اعلانات اور دعوﺅں کے بجائے عملی اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔ وزیراعظم اپنے وزارت اعلیٰ کے دور میں بہترین ایڈمنسٹریٹر رہ چکے ہیں‘ انہوں نے ماہ رمضان میں عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کی ہیں۔ امید ہے کہ وہ اب بھی اپنے اس عزم کو عملی جامہ پہنا کر دکھی عوام کے دل جیتیں گے۔ 

مزیدخبریں