الیکشن کمیشن اقدامات کی قانونی حیثیت سے متعلق ایم کیو ایم کی درخواست


کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے نامکمل کورم اور اقدامات کی قانونی حیثیت سے متعلق ایم کیو ایم کی درخواست پر سماعت رمضان المبارک کے بعد مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔سندھ ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کے نامکمل کورم اور اقدامات کی قانونی حیثیت سے متعلق ایم کیو ایم کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ ایم کیو ایم کے وکیل طارق منصور ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ ہماری روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کی استدعا تھی لیکن کم سے کم جلدی سن لیا جائے۔ ابھی تک ایڈوکیٹ جنرل اور سیکریٹری بلدیات نے جواب جمع نہیں کرایا۔ قانون کے تحت تمام فریقین جواب دینے کے پابند ہیں۔ عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ سندھ حکومت جواب جمع کیوں نہیں کروائی رہی؟ سرکاری وکیل نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ سماعت پر جواب جمع کرا دیں گے۔ طارق منظور ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ یہ 4 کروڑ لوگوں کے حقوق کا مسئلہ ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ 4 کروڑ ہوں یا صرف 4 ہمارے لئے ہر درخواست کی اہمیت ہے۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ فیصلہ کرنے کا حق نا تو الیکشن کمیشن کو ہے نا ہی کسی سیکٹری کو۔ فیصلہ کرنے کا حق صرف عدالت کا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی درخواست بڑی ہے اس لئے ہی عید کے بعد کا وقت رکھ رہے ہیں۔ عدالت نے سماعت رمضان المبارک کے بعد مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

ای پیپر دی نیشن