سند ھ میں وافر کوئلہ موجود ،استفادہ نہیں کیا جارہا،سید قائم علی شاہ


کراچی (اسٹاف رپورٹر)سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال کے باوجود قرض لے کر بجلی بنائی جارہی ہے جبکہ سندھ میں وافرمقدار میں موجود کوئلے سے استفادہ نہیں کیاجارہااور وفاقی حکومت اس حوالے سرمایہ کاری کرنے کو تیارنہیں ۔اگر اس حوالے سے سرمایہ کاری کی جائے تو سندھ میں کوئلے اورپن چکی سے اتنی بجلی پیدا کی جاسکتی ہے کہ اپنی ضروریات پوری کرنے کے بعددیگر ممالک کو بھی دے سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نیشہید محترمہ بینظیر بھٹو چیئر جامعہ کراچی کے زیر اہتمام  عالمی یوم خواتین کے موقع پر کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کی سماعت گاہ میں منعقدہ سیمینار بعنوان   ’’ ویمنز امپاورمنٹ: شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا ویژن‘‘  سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر برائے محنت وافرادی قوت سندھ سعید غنی‘  سینیٹر سسی پلیجو‘ رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی اور شیخ الجامعہ کراچی ڈاکٹر خالد عراقی نے بھی خطاب کیا۔  سعید غنی نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے پاکستانی قوم کا سر فخرسے بلند کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستانی خواتین کا بھی سرفخر سے بلند کیا ۔پاکستان کا پہلا ویمن پولیس اسٹیشن بینظیر بھٹو کی حکومت میں قائم کیا گیا تاکہ خواتین کو بہتر طریقے سے تحفظ اور ذہنی سکون فراہم کیا جاسکے۔بی بی نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کا پروگرام بھی شروع کیا تاکہ خواتین میں صحت سے متعلق شعور بیدار کیا جاسکے۔ خواتین کے مسائل پر خواتین کو امپاور کرنے کے لئے فرسٹ ویمن بینک بنایا جو ایک کوالٹی ادارہ جو خواتین کی مالی معاونت اور ان کو امپاور کرنے کے لئے اپنا کردار اداکررہاہے اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کا پروگرام بھی شروع کیا تاکہ خواتین میں صحت سے متعلق شعور بیدار کیا جاسکے۔جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ خواتین کو گھروں تک محدود نہیں ہونا چاہیئے بلکہ معاشرے کی ترقی کے لئے اپنا کردار اداکرنا چاہیئے۔خواتین کو بااختیاربنانے کے لئے انہیں تعلیم کے زیورسے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی تک رسائی دینی ہوگی۔ مرد کی تعلیم صرف ایک فرد واحد کی تعلیم ہے مگر عورت کو تعلیم دینا حقیقت میں پورے خاندان کو تعلیم دینے کے برابرہے۔  سینیٹر سسی پلیجونے کہاکہ بینظیر بھٹو ایک عظیم وژنری لیڈرتھیں جو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی خواتین کے لئے ایک متاثرکن مشعل راہ ہیں۔رکن صوبائی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے ہر اس شخص اورمنفی سوچ کا مقابلہ کیاجو خواتین کو پیچھے دھکیلنا چاہتی تھیں۔ڈائریکٹر شہید بینظیر بھٹو چیئر جامعہ کراچی محمد ابراہیم شیخ نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے چیئر میں ہونے والی سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

ای پیپر دی نیشن