سعودی وزارت خارجہ نے اسرائیلی افواج کی جانب سے کی جانے والی سنگین خلاف ورزیوں کو مکمل طور پر مسترد کر دیا

Mar 09, 2023 | 11:54

سعودی وزارت خارجہ نے بدھ کے روز مغربی کنارے میں جنین کے فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اس حملے میں 6 فلسطینیوں کو شہید او ر متعدد کو زخمی کردیا گیا تھا۔سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا مملکت اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے کی جانے والی سنگین خلاف ورزیوں کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔ سعودی عرب نے متاثرین کے اہل خانہ اور فلسطینی حکومت اور عوام کے ساتھ دلی تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔اسرائیلی فورسز نے منگل کے روز جنین میں مہاجر کیمپ پر حملہ کیا تھا۔ شہدا میں ایک بندوق بردار فلسطینی بھی شامل تھا۔ اس پر شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اس نے گزشتہ ہفتے فلسطین کے ’’ حوارہ‘‘ گاؤں کے قریب ایک یہودی بستی میں دو بھائیوں کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔مہینوں سے جاری اسرائیلی فوج کے حملوں کے دوران جنین پر ایک سے زیادہ مرتبہ چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔ ان حالات میں اسی کی دہائی کی بغاوتوں کے شروع ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔دو ہفتے قبل مغربی کنارے کے الگ الگ حصوں میں اسرائیل نے گرفتاریوں کی ایک بڑی مہم چلائی تھی جس میں 27 فلسطینی شہریوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ کئی مہینوں سے اسرائیلی فوج مطلوب افراد کے تعاقب کے بہانے شمالی مغربی کنارے میں نابلس اور جنین کے شہروں میں کارروائیاں کر رہی ہے۔

مزیدخبریں