ارشد شریف قتل از خود نوٹس کیس کل سماعت کے لیے مقرر

Mar 09, 2023 | 19:17

وقائع نگار خصوصی

سپریم کورٹ آف پاکستان نے معروف صحافی اور بول نیوز کے اینکر پرسن ارشد شریف قتل از خود نوٹس کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ کل صحافی ارشد شریف کے قتل پر از خود نوٹس پر سماعت کرے گا۔ارشد شریف کیس پر سماعت کل سوا گیارہ بجے کورٹ روم نمبر ایک میں ہوگی۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کے لیے قائم کی گئی اسپیشل جے آئی ٹی سے یو اے ای اور کینیا میں تحقیقات پر رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔چند ہفتے قبل پاکستان کے معروف صحافی اور  سینئر اینکر پرسن ارشد شریف قتل کیس میں قائم جے آئی ٹی اپنی تحقیقات مکمل کر کے پاکستان واپس پہنچ گئی تھی۔

واضح رہے کہ پانچ رکنی اسپیشل جے آئی ٹی میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر اویس احمد سربراہی کررہے تھے جبکہ دیگر افسران میں آئی بی سے ڈپٹی ڈی جی ساجد کیانی، آئی ایس آئی سے گریڈ بیس کے محمد اسلم شامل تھے۔اس کے علاوہ ایف آئی اے سے ڈائریکٹر سائبر کرائم وقار الدین سید، ایم آئی سے محمد افضل شامل ہیں جبکہ پانچ رکنی ٹیم کے علاوہ مقدمے کے تفتیشی انسپکٹر محمد شہباز بھی دبئی اور کینیا میں ٹیم کے ہمراہ تھے۔

یاد رہے کہ ارشد شریف پر پاکستان میں جگہ تنگ کردی گئی تھی جس پر انہیں ملک چھوڑنا پڑا تھا، انہیں کینیا میں انتہائی مشکوک انداز سے قتل کرادیا گیا تھا تاہم ان کی والدہ نے عدالت میں ملزمان کے خلاف مقدمے کی درخواست بھی پیش کررکھی ہے۔

مزیدخبریں