لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ فیوڈل کلاس اور امریکی استعمار کے ایجنٹ اسلامی سوسائٹی کو مغرب زدہ کرنا چاہتے ہیں، عالمی طاقتوں کو پاکستان میں جمہوریت پسند نہیں، جعلی مینڈیٹ کے حامل ان لوگوں کو مسلط کردیا گیا جنہیں فلسطین و کشمیر کی فکر ہے نہ پاکستانی عوام کی بہتری چاہتے ہیں۔ جماعت اسلامی خواتین ونگ مبارکباد کی مستحق ہے کہ انہوں نے عالمی یوم خواتین کو فلسطینی و کشمیری ماؤں بہنوں بیٹیوں کے نام کردیا۔ عالمی یوم خواتین کے سلسلے میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیراہتمام مال روڈ پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کو کبھی حقوق نہیں دیے گئے، جماعت اسلامی خواتین کو وراثت میں حق بلاسود مائیکروفنانسنگ کی سہولت، بچیوں کی مفت اور لازمی تعلیم کا بندوبست کریں گے، خواتین یونیورسٹیاں بنائیں گے، عورتوں کے لیے علیحدہ ٹرانسپورٹ ہوگی۔ امیر جماعت نے کہا کہ نئی حکومت سے توقع تھی کہ فلسطین و کشمیر کی آزادی کا روڈ میپ دے گی، لیکن وزیراعظم نے اپنی پہلی تقریر میں مظلومین غزہ کا نام تک نہیں لیا، یہ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے وفادار ہیں۔ امیر جماعت نے کہا کہ شرم کا مقام ہے کہ خواتین کے حقوق کے حوالے سے پاکستان کا دنیا میں 145 نمبر ہے، یہاں عورتوں کو وراثت سے محروم کردیا جاتا ہے، خواتین کے استحصال اور ہراسگی کے واقعات ہوتے ہیں، عورت محفوظ نہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اصولوں پر کھڑی ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ تمام سیاسی جماعتیں اقتدار میں ہیں، پاکستان میں اپوزیشن صرف جماعت اسلامی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پنجاب وسطی کے زیر اہتمام تجدید عہد کنونشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے۔ ہم اسلامی جمہوریہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں۔ دھاندلی زدہ انتخابات کو مسترد کرتے ہیں۔ عوام پر ایک مرتبہ پھر سے چوروں لیٹروں کو مسلط کر دیا گیا ہے۔ ان لوگوں نے پہلے ہی ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اب عوام کو 300 یونٹس مفت بجلی ملنی چاہئے۔ عوام سے کئے گئے دوسرے وعدے پورے کئے جانے چاہئیں۔ اگر ان لوگوں نے وعدوں سے انحراف کیا تو ان کا گریبان پکڑیں گے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیرالعظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی نے بڑی تعداد میں نوجوانوں کو کھڑا کیا ہے۔ انتخابات ہو گئے ہمیں اپنے نام و نشان کو بھولنا نہیں ہے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات کی شفافیت سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ ملکی و غیر ملکی مبصرین انتخابات پر شدید قسم کے تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔
پاکستان میں خواتین کو کبھی حقوق نہیں ملے ہم دیں گے: سراج الحق
Mar 09, 2024