اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) آئی ایم ایف کی ترجمان ایسٹر پیریز نے عمران خان کے خط پرہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا مینڈیٹ سیاسی نہیں بلکہ معاشی مسائل تک محدود ہے۔بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے خط ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی ترجمان ایسٹر پیریز نے کہا کہ آئی ایم ایف کو 28 فروری کو پی ٹی آئی کے ترجمان کی جانب سے ایک خط موصول ہوا، جو اس پروگرام کے تحت پاکستان کے ساتھ فنڈ کی شمولیت سے متعلق تھا۔ ایسٹر پیرز نے عمران خان کے خط پر اپنے ردِ عمل میں کہا کہ آئی ایم ایف بین الاقوامی ادارہ ہے جس کا معاشی مسائل تک مینڈیٹ محدود ہے۔ آئی ایم ایف مقامی اور سیاسی مسائل پر تبصرہ نہیں کرتا۔ ایسٹر پیریز نے مزید کہا کہ ہم ادارہ جاتی معاشی استحکام اور ترقی کے لیے انتخابی تنازعات کے شفاف اور پْر امن حل کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ترجمان آئی ایم ایف نے کہا کہ ہم معاشی استحکام اور نمو کے لیے آئینی ماحول کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام انتخابی تنازعات پر امن اور شفاف انداز میں حل کرنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے 28 فروری کو خط ملا، آئی ایم ایف کا معاشی معاملات پر محدود مینڈیٹ ہے اور اندرونی سیاسی معاملات پر تبصرہ نہیں کرتے۔انہوں نے مزید کہا کہ تاہم معاشی استحکام اور ترقی کے لیے آئینی ماحول کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام انتخابی تنازعات پر امن اور شفاف انداز میں حل کرنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔عالمی ادارہ کی ترجمان کے مطابق پاکستان میں پالیسیز پر عمل درآمد آئی ایم ایف کا اصل مقصد ہے، مزید کہا کہ پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ قلیل مدتی قرض کا دوسرا جائزہ مکمل کرنے کے کام کے لیے پرعزم ہیں-ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے معاشی مسائل کا دیرینہ حل چاہتے ہیں، آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ ترقی کا ثمر ہرپاکستانی شہری تک پہنچے، پاکستان میں ٹیکس آمدن بڑھائی جائے-ان کا مزید کہنا تھا کہ مالیاتی ادارہ چاہتا ہے کہ پاکستان میں غریب طبقات کو تحفظ ملے، پاکستان میں توانائی کی اصلاحات ہوں، مزید یہ کہ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھے اور پاکستان میں روزگار بڑھے-ترجمان نے بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف کا ہدف ہے کہ پاکستان میں سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر ہو، سرکاری اداروں کی اصلاحات ہوں۔
مینڈیٹ معاشی مسائل تک محدود، سیاسی صورتحال پر تبصرہ نہیں کرتے، آئی ایف کا عمران کو جواب
Mar 09, 2024