کڑوے فیصلے اشرافیہ کیلئے، ذاتی پسند ناپسند چھوڑ کر ملک کی خاطر اکٹھا ہونا ہو گا: شہباز شریف

مظفر آباد + اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+خبر نگارخصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر میں بارشوں اور برفباری سے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے امداد کا اعلان کر دیا۔ دورہ مظفر آباد کے دوران شدید بارشوں اور برفباری کے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قدرتی آفت میں آزاد کشمیر کے 8 افراد شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں، میں یہاں اظہار تعزیت اور افسوس کرنے آیا ہوں، قدرتی آفت انسان کے بس سے باہر ہے، یہ اللہ کا نظام ہے اس کے آگے سر جھکانے کے سوا کوئی راستہ نہیں، جب تک متاثرین گھروں میں آباد نہیں ہو جاتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، متاثرین کی معاونت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں کو 20، 20 لاکھ جبکہ زخمیوں کو 5 ،5 لاکھ روپے دیئے جائیں گے، قدرتی آفت میں جن کے مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے ان کو 7 لاکھ اور جن کے مکانات جزوی تباہ ہوئے ان کو ساڑھے 3 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں تاکہ کسی کا حق مارا نہ جائے، وزیراعظم آزاد کشمیر این ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر سروے کریں گے، رمضان شریف کی آمد آمد ہے، 13 مارچ کو نقصانات کی تمام رقوم سروے کے بعد گھروں میں پہنچا دی جائیں گی۔ قدرتی آفت سے جو زخمی ہوئے ان کی رقوم بھی 13 مارچ کو پہنچ جائیں گی، ان علاقوں کیلئے خاص طور پر این ڈی ایم اے کو ہیلی کاپٹر مہیا کر رہے ہیں، قدرتی آفت میں ہیلی کاپٹر جیسی سہولت فوری دستیاب ہوگی۔ آزاد کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، یہی قائداعظم نے فرمایا ہے، کشمیری لوگ مشکل کی گھڑی میں خود کو اکیلا نہیں پائیں گے، جو اعلانات کئے ہیں ان کی تکمیل تاریخ پر مکمل ہو جائے گی، یہاں کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بھی علیحدہ میٹنگ کروں گا۔ اس وقت ہمارے 2 کروڑ سے زائد بچے اور بچیاں سکولوں سے باہر ہیں، صوبائی حکومتوں کی مشاورت کے بعد تعلیم کیلئے انتظامات کروں گا، مساجد میں بھی تعلیم کے حصول کیلئے انتظامات کئے جائیں گے، مواصلاتی نظام ٹھیک نہیں ہوگا تو کس طرح کمیونیکیشن، ٹریڈ اور ضروریات پوری ہوں گی؟۔ ہمیں کڑوے فیصلے کرنے ہیں اور وہ اشرافیہ کیلئے ہوں گے، جو قومیں کسی وجہ سے تباہ ہوئیں وہی دوبارہ زندہ ہوئیں، قوموں نے اپنی شکست کو محنت، محنت اور مسلسل محنت میں بدلا۔ اللہ نے ہمیں زرخیز زمین دی ہے، آزاد کشمیر میں قدرتی معدنیات کے ذخائر ہیں، آپ کیا کچھ نہیں کر سکتے۔ ہم نے دن رات محنت کر کے قوم کو یکسو کرنا ہے، نفرتوں کے بجائے محبتوں کے پھول نچھاور کرنے ہیں۔ ذاتی پسند ناپسند کو چھوڑ کر پاکستان کے مفاد کی خاطر اکٹھا ہونا ہوگا، آئندہ سالوں میں پاکستان کو کھویا ہوا مقام واپس حاصل کرنا ہوگا۔ ذاتیات سے بالاتر ہو کر نفرت کو ختم کرنا ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر میں شدید بارشوں اور برفباری کے متاثرین سے ملاقات کی اور امدادی چیک تقسیم کئے۔ انہوں نے کہا ہمیں پاکستان کو قرضوں کی دلدل سے نکالنا ہے۔ اس لیے ذاتیات سے ہٹ کر پسند ناپسند کو دفن کرنا ہے اور  پاکستان کی خاطر مل بیٹھ کر کام کرنا ہوگا۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے شہباز شریف کو وزیراعظم  کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر سے ملاقات میں شہباز شریف نے انہیں پاکستان کی غیر مشروط حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جد وجہد میں ان کے شانہ بہ شانہ رہیں گے۔ ٹیکس چور مافیا پاکستان کو نقصان پہنچارہا ہے، اب وقت آگیا ہم ان کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، اس کا فائدہ عام آدمی کو ہوگا۔ آج پاکستان کے لیے سب سے بڑا چیلنج یہی ہے، ہم نے دن رات محنت کرنی ہے، معاشی صورتحال کا ہر روز جائزہ لیا، صرف پی آئی اے کا ہر سال نقصان ساڑھے 8 ارب روپے ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ٹھوس اور مثبت فیصلے کئے جائیں۔ خاتون پاکستان ایوارڈ کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستانی خواتین نے اپنی ذہانت اور قابلیت سے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا۔ قوم کی عظیم بیٹیوں نے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کی طرز پر پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے۔ انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے ہونہار طلبا کو وظائف دیئے جائیں گے۔ پنجاب سکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے ہزاروں طلباء کو فنی تربیت فراہم کی گئی۔ ہمیں اپنے بچوں کو ووکیشنل ٹریننگ، آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت جیسے شعبوں میں تربیت دینی ہے۔ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں سے مل کر نوجوانوں کی ترقی کے لیے اقدامات کرے گی۔ شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد کے پیغامات پر چین، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ وزیراعظم نے چین کے صدر شی جن پنگ کے ایکس پر تہنیتی پیغام کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاک چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹیو کے فلیگ شپ منصوبے کے طور پر اعلیٰ معیار کی ترقی کے لئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔  وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردگان کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ تاریخی دوطرفہ تعلقات کو بھائی چارے اور تعاون کی بے مثال سطح تک بڑھانے کے لئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد سمیت متحدہ عرب امارات کی قیادت سے بھی ان کی نیک خواہشات اور دعاؤں پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے مبارکباد کے خط کے لئے یو اے ای کے نائب صدر، نائب وزیر اعظم اور صدارتی عدالت کے چیئرمین شیخ منصور بن زید النہیان کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن