صدر کا انتخاب آج، زرداری کیلئے ووٹ مانگنے آیا، بلاول: حمایت کرینگے، مریم

اسلام آباد؍ لاہور (نمائندہ خصوصی+ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی نامہ نگار) پاکستان کے 14ویں صدر مملکت کا انتخاب آج ہوگا۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور محمود خان اچکزئی صدارت کے امیدوار ہیں۔ صدارتی انتخاب میں چاروں صوبائی اسمبلیوں، سینٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان ووٹ دیں گے۔ آئین کے تحت صدارتی الیکشن کے لیے چیف الیکشن کمشنر ریٹرننگ افسر ہوں گے۔ جبکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں صبح دس سے شام چار بجے تک پولنگ ہوگی۔ بیلٹ پیپر پر ووٹر پسند کے امیدوار کے نام کے سامنے خصوصی پنسل سے کراس لگائے گا۔ صدر کا انتخاب الیکٹورل کالج کے ذریعے عمل میں لایا جاتا ہے۔ ووٹرز قومی اور صوبائی اسمبلی اور سینٹ کے شناختی کارڈ ساتھ لانے کے پابند ہوں گے۔ ووٹر نے بیلٹ پیپر پر کوئی ایسا نشان لگایا جس سے اس کی شناخت ممکن ہو تو ووٹ غلط تصور ہوگا۔ دو امیدواروں پر نشان لگانے پر یاسرے سے نشان نہ لگانے پر بھی ووٹ غلط تصور کیا جائے گا۔ پریذائیڈنگ افسر امیدوار یا ان کے نمائندوں کی موجودگی میں بیلٹ بکس کھولے گا۔ پریذائیڈنگ افسر بیلٹ پیپرز کا معائنہ کرکے غلط ووٹ مسترد کردے گا۔ پریذائیڈنگ افسر ووٹ گنتی کرکے امیدواروں کے حاصل شدہ ووٹ علیحدہ بیگز میں سیل کردے گا۔ پریذائیڈنگ افسر فارم 5 پر نتائج درج کرکے ریٹرننگ افسر چیف الیکشن کمشنر کو بھیج دے گا۔ اگر دونوں امیدوار برابر ووٹ حاصل کرتے ہیں تو فیصلہ قرعہ اندازی سے کیا جائے گا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے اعزاز میں الوداعی گارڈ آف آنر پیش کر دیا گیا ہے۔ ایوان صدر میں گارڈ آف آنر پیش کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ صدر مملکت کو مسلح افواج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ تقریب میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ ثمینہ علوی بھی موجود تھیں۔  (آج) ہفتہ کو صدر مملکت کے انتخابات کے بعد صدر ڈاکٹر عارف علوی اپنے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے۔  صدر مملکت عارف علوی کی 5 سالہ آئینی مدت 8 ستمبر 2023 کو ختم ہو چکی ہے، ملک میں نگران سیٹ اپ ہونے کے باعث عارف علوی صدر پاکستان کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ آئین کے مطابق الیکشن ہونے کے ایک ماہ تک صدر مملکت اپنے عہدے پر فائز رہ سکتے ہیں۔ دریں اثناء سنی اتحاد کونسل کی جانب سے صدارتی الیکشن میں امیدوار محمود خان اچکزئی نے صدارتی انتخاب ملتوی کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے صدارتی انتخاب ملتوی کرنے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو خط بھی لکھ دیا ہے۔ محمود خان اچکزئی نے اپنے خط میں کہا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی متعدد مخصوص نشستیں ابھی خالی ہیں، الیکٹورل کالج مکمل ہونے تک الیکشن ملتوی کیا جائے۔  یہ اسمبلی نہیں چل سکتی، پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے۔ پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز سے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں ملاقات کی اور صدارتی انتخاب کے لیے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری صدارتی الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دینے کے لیے گورنر ہاؤس پہنچے جہاں پاکستان مسلم لیگ(ن)، پاکستان پیپلزپارٹی اور دیگر ارکان کا اجلاس ہوا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کے موقع پر چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ملاقات میں  صدارتی الیکشن پر  مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلاول بھٹو زرداری سے صدارتی الیکشن میں ووٹرز کی تعداد کے بارے میں بات چیت کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب اسمبلی میں رکن پی پی پی علی حیدر گیلانی سمیت پارٹی کے دیگر ارکان اسمبلی سے بھی ملاقات کی۔ بعد ازاں مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری نے اراکین پنجاب اسمبلی سے خطاب کیا اور بلاول بھٹو نے کہا کہ آج میں یہاں آپ سب اراکین پنجاب اسمبلی کے پاس اپنے والد کے لیے ووٹ مانگنے آیا ہوں، اپنے والد کے بارے میں اتنا کہہ سکتا ہوں کہ وہ آپ لوگوں کا ایسے ہی خیال رکھے گا جیسے میرا خیال رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدرمملک کے ساتھ ساتھ وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ہم سب مل کر ملک کو بحران سے نکالنے کی کوشش کریں گے اور مل کر آگے بڑھیں گے۔ بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ نے یہ منصب سنبھال کر تاریخ رقم کی ہے اور اس صوبے کی سب سے پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہوئی ہیں، یہ پورے پاکستان کے لیے ایک پیغام ہے، پورے پنجاب میں موجود تمام خواتین آپ کی طرف دیکھ رہی ہیں، وہ آپ کی یہ کامیابی دیکھ کر محسوس کریں گی، وہ ڈاکٹر یا وزیراعلیٰ بن جائیں گی۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ وزارت اعلیٰ سنبھالنے کے بعد آپ نے رمضان پیکیج کا اعلان کرکے بہت ہی اہم پیغام دیا ہے کہ صوبے کے پسماندہ اور غریب لوگوں کی خدمت کرنا چاہتی ہیں اور یہ ہم سب کا فرض ہے، پیپلزپارٹی اس بات کی نہ صرف حمایت کرتی ہے بلکہ امید رکھتے ہیں آپ غریب عوام کا خیال رکھیں گی۔ مریم نواز نے کہا کہ بلاول نے کہا کہ ووٹ مانگنے آیا ہوں، اگر آپ ووٹ مانگنے نہ بھی آتے تو مسلم لیگ (ن) اسی طرح آپ کو ووٹ دیتی، آصف علی زرداری صدر پاکستان کے لیے ہمارے امیدوار ہیں، ہم سب ان کو ووٹ دیں گے، یہ فیصلہ ہماری جماعت اور اتحادی حکومت کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے نتائج کے بعد ساری جماعتیں سوائے ایک جماعت جسے بلاول بھٹو نے کارٹون کہا تھا، وہ کارٹون نیٹ ورک ہر وقت چلائے رکھتے ہیں، سنجیدہ جماعتیں جو اس ملک کی بہتری چاہتی ہیں اور ملک کے لیے کام کرنا چاہتی ہیں، انہیں احساس ہے کہ اگر ہم اپنی لڑائی جھگڑے انتخابات کے بعد بھی آگے لے کر چلیں گے تو اس ملک کے غریب لوگ مایوس ہوں گے اور یہ بڑا جرم ہوگا اور اس کا حساب دینا پڑے گا۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم پاکستان نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو اختیارات کی مزید نچلی سطح پر منتقلی پر قائل کر لیا۔ خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور اختیارات کی منتقلی پر گفتگو کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خالد مقبول صدیقی اور فاروق ستار نے بلاول بھٹو کے سامنے بلدیاتی نمائندوں کو مزید اختیارات دینے کی بات کی۔ ذرائع کے مطابق فاروق ستار نے بلاول بھٹو زرداری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا وہ نچلی سطح تک اختیارات کو منتقل کریں۔  ذرائع کا بتانا ہے بلاول بھٹو زرداری نے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ پارٹی کے سامنے اختیارات کی مزید نچلی سطح پر منتقلی کا معاملہ رکھیں گے۔ 
لاہور‘شیخوپورہ (نوائے وقت رپورٹ‘نمائندہ نوائے وقت) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وویمن ڈے کے حوالے سے پنجاب کی خواتین کے لئے بڑے اعلانات کئے اور خواتین کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے انٹرنیشنل وویمن سیفٹی ایپ ’’نیور اگین‘‘ کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے خواتین پولیس اور دیگر افسروں کو سٹیج پر ساتھ کھڑا کرکے خطاب کیا۔ وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب پبلک سروس کمیشن میں خواتین کے جاب کوٹہ کو 10سے بڑھا کر 15فیصد کرنے کا اعلان کیا اور ہر محکمے میں خالی آسامیوں پر خواتین کی بھرتی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ ورک پلیس پر ڈے کیئر سینٹرز بنانے کے لئے ایک ارب روپے کا فنڈ مختص کیا جائے گا۔ ورکنگ وویمن کے لئے ہوسٹلز بنائے جائیں گے۔ خواتین کے لئے پیڈ انٹرن شپ شروع کی جائے گی۔ آن لائن بزنس کے لئے خواتین کو 50فیصد قرضے دیئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اعلان کیاکہ بورڈ آف ریونیو بیٹیوں کے حصہ کا تعین کرکے ورثہ کو جائیداد منتقل کرے گا۔ بہن اور بیٹی کو پراپرٹی گفٹ کرنے پر انتقال فیس نہیں لی جائے گی۔ 3دن میں ورکنگ وویمن کے لئے میٹرنٹی لیو منظور کرنے کا قانون بنایا جائے گا۔ جمنیزیم اور سٹیڈیم میں خواتین کے لئے الگ جگہ اور اوقات کار مقررکیے جائیں گے۔ حکومتی اداروں میں خواتین کے لئے الگ واش رومز اور نماز کے لئے جگہ مختص کی جائے گی۔ رائیڈر بالخصوص لڑکیوں کو پنک بائیک دی جائیں گی اور تحفظ کے لئے قانون سازی ہوگی۔ یونیورسٹی فیس واپسی میں خواتین کا تناسب 50سے 70فیصد ہوگا۔ انٹرنیشنل سکالرشپ میں خواتین کا تناسب 50سے 70 فیصد ہوگا۔ پنجاب بھر میں دستکاریوں کے فروغ کے لئے صنعت زار کو بحال کیا جائے گا۔ دریں اثناء انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ آفس سے آتے ہوئے دیکھا کہ میرے آگے تینوں پائلٹ آفیسر خواتین ہیں۔ پائلٹ آفیسر صباء، عروسہ اور اسماء کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر ایک ذہین خاتون ہیں۔ سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر ٹریفک کے مسائل کے حل میں بہت فائدہ مند کردار ادا کررہی ہیں۔ خواتین ٹریفک وارڈن ہمارے قافلے کو لیڈ کررہی ہیں۔ ایس ایس پی انوش، اے ایس پی سدرہ خان اور شازیہ کو سٹیج پر بلا کر خراج تحسین پیش کرنا چاہوں گی۔ خواتین ہر جگہ پر کمال کا کام کررہی ہیں، مجھے دیکھ کر فخر ہوتا ہے۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری، ہماری ایم این ایز اور ایم پی ایز سب قابل فخر انداز میں فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ ایک خاتون کو اپنا لوہا منوانے کے لئے مرد سے دو گنا زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے۔ مجھے بھی مسلم لیگ (ن) میں 12سے 13سال سخت محنت کرنی پڑی اور ایسے ہی مسائل کا سامنا رہا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شیخو پورہ درگئی گل فارسٹ پارک میں پہلی خاتون وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے وویمن ڈے پر برگد کاپودا لگا کر شجر کاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بھی برگد کا پودا لگایا۔ شجرکا ری مہم موسم بہار 2024ء  میں 2ہزار طالبات اور خواتین نے بھی پودے لگائے۔ شجرکاری مہم میں وویمن ڈے پر خواتین کے بیک وقت 12 ہزار پودے لگانے کا منفرد اعزاز ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے وزیراعلیٰ آفس میں لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے طلبہ نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف سے لمز لیڈرشپ اینڈ لیومن(Lumun) ویننگ ٹیم نے تبادلہ خیال کیا۔ لمز کے طلبہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف کو بطور وزیراعلی کام کرتے دیکھ کر خوشی ہوئی۔ مریم نواز شریف کا وزیراعلی بننا حقیقی تبدیلی ہے جس کا یہ معاشرہ منتظر تھا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ طلبہ پر خرچ کرنے کو بہترین انویسٹمنٹ سمجھتی ہوں۔ طلبہ کے لئے تمام تر وسائل کے ساتھ ہر وقت ہر حاضر ہوں گی۔ پاکستان میں ٹیلنٹ کا بڑی تیزی سے سامنے آنا خوش آئند ہے۔ طلبہ سے گفتگو اور مشاورت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ ہمیں پاکستانی ہونے پر بے حد فخر ہے۔ لمز کے طلبہ اور اساتذہ نے بھی اے ایس پی شہر بانو کی خدمات کو سراہا۔ پیف کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد منیر، ڈاکٹر نعمان مقبول، ڈاکٹر مظفر ہاشمی، ڈاکٹر کامران شمس، ڈاکٹر نوید حسن موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...