سرگودھا (نمائندہ خصوصی) یونیورسٹی آف سرگودھا میں ریسرچ ایرینا 2024 ء اختتام پزیر ہو گیا ۔ ریسرچ ایرینا کے آخری روز شعبہ کمیونیکیشن اینڈ میڈیاسٹڈیز نے "کنونشنل ٹو ڈیجیٹل میڈیا سکرینز: میڈیا ایجوکیشن کیلئے چیلنجز اور مواقع" کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا جس میں مصنف و تجزیہ کار فرخ سہیل گوئندی، وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین، دفاعی تجزیہ کار و کالم نگار بریگیڈیئر (ر) غضنفر علی، کالم نگار و تجزیہ کار سلمان عابد، تجزیہ کار و چیف نیوز ایڈیٹر روزنامہ نوائے وقت دلاور چوہدری، چیئرمین میڈیا سٹڈیز اینڈ کریٹیو و ڈائریکٹر کامسیٹ لاہور ڈاکٹر سہیل ریاض، سابق ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز محمد اسلم ڈوگر، چیئرمین شعبہ ابلاغیات و میڈیا سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر حسن رضا سید اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ فرخ سہیل گوئندی نے ڈیجیٹل میڈیا کے دور میں ترقی کیلئے طلبہ کو مہارتوں اور علم سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ جیسے جیسے ٹیکنالوجی میڈیا انڈسٹری کو نئی شکل دے رہی ہے اساتذہ کو ان تبدیلیوں سے باخبر رہنا چاہیے اور طلبہ کو منفرد اور تنقیدی میڈیا پریکٹیشنرز بننے کیلئے تیار کرنا چاہیے۔ وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تبدیلی کے طاقتور ایجنٹ کے طور پر ابھرے ہیں۔ طلباء کو میڈیا کے رجحانات اور ٹیکنالوجیز کے مطابق ڈھالنے کیلئے آلات سے لیس کرنا وقت کی ضرورت ہے۔تجزیہ کار وچیف نیوز ایڈیٹرروزنامہ نوائے وقت دلاور چوہدری نے کہا کہ سوشل میڈیا موجودہ دورکا طاقتور ترین ذریعہ ابلاغ ہے ۔ طلباء کو چاہئے کہ وہ اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں ۔ تعلیمی ترقی کیساتھ ساتھ زندگی میں کامیابی کیلئے بھی سوشل میڈیا کا کردار بہت اہم ہو گیا ہے ۔ طلباء سوشل میڈیا کے ذریعے مختلف مہارتیں بھی سیکھ سکتے ہیں اور انہیں ہر فیلڈ میں تیار رہنا چاہئے ۔ سلمان عابد نے کہا کہ میڈیا کے پیشہ ور افراد کیلئے چیلنجز اور مواقع موجود ہیں۔ اساتذہ طلباء کو مہارتوں سے آراستہ کریں۔ غضنفر علی نے کہا کہ تکنیکی ترقی کیساتھ ہم آہنگ رہیں اور ڈیجیٹل دور میں ترقی کیلئے ضروری مہارتوں سے آراستہ ہوں۔
سوشل میڈیا موجودہ دورکا طاقتور ترین ذریعہ ابلاغ‘طلباء سیکھیں : سیمینار
Mar 09, 2024