اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)راولپنڈی اسلام آباد ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل سید محمد عباس بخاری نے کہا ہے کہ خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے مزید کوششوں کی ضرورت ہے کیونکہ اس کے بغیر ملکی ترقی ناممکن ہے۔ اس مسئلہ پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے۔خواتین کے عالمی دن پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید محمد عباس نے کہا کہ خواتین زندگی کے تمام شعبوں اور قانونی پیشے میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں جن کا ہم اعتراف کرتے ہیں۔اس وقت خواتین کی تعلیم اورمعاشی مواقع تک رسائی محدود ہے مگر صورتحال بہتر ہو رہی ہے، جس کا سہرا حکومت اور این جی اوز کو جاتا ہے۔ تعلیم خواتین کو بااختیار بنانے کا بہترین ذریعہ ہے جس کے نتیجہ میں خواتین معاشی ترقی کرتی ہیں۔ خواتین کے خلاف تشدد کا مسئلہ بدستور ایک بڑی رکاوٹ ہے۔