یوکرائن پر پیوٹن کو پیغام ہے، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے:جوبائیڈن

واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر جوبائیڈن نے کہاہے کہ یوکرین کے بارے میں پیوٹن کو میرا پیغام سادہ سا ہے، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، یوکرین مسئلے پر ہم کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے اسٹیٹ آف دی یونین سے خطاب کے دوران کہا کہ ارکانِ کانگریس اور اپنے چاہنے والوں کا شکریہ جنہوں نے میری حوصلہ افزئی کی۔ان کا کہناتھا کہ ہم یوکرین کے ساتھ کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے، یوکرین کو خوراک اور ہتھیاروں کی فراہمی جاری رکھیں گے، امریکا اور دنیا بھر میں جمہوریت پر حملے ہو رہے ہیں۔امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ سیاسی افراتفری کے لیے امریکا میں کسی کے لیے کوئی جگہ نہیں، امریکا میں کسی کو جمہوریت کے خلاف سازش کی اجازت نہیں۔انہوں نے کہا کہ جب اقتدار ملا تو معیشت تباہی کے دہانے پر تھی، کورونا کی وبا کا بہادری سے مقابلہ کیا، معیشت کو مستحکم کیا، سابق امریکی صدر نے اپنے حامیوں کو جمہوریت پر حملے کے لیے اکسایا۔امریکی صدر جو بائیڈن کا مزید کہنا تھاکہ امریکا نیٹو ممالک کا ممبر ہے جو جمہوری ریاستوں کا اتحاد ہے، امریکا کو وال اسٹریٹ نے نہیں عام آدمی نے تعمیر کیا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکا میں 3 سال میں ڈیڑھ کروڑ نئی ملازمتیں پیدا کیں، ملک میں بے روزگاری کی شرح کم ترین ہے۔

ای پیپر دی نیشن