واشنگٹن(این این آئی)سابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے امریکی ووٹروں سے کہا کہ وہ جو بائیڈن کو دوبارہ صدر منتخب کریں، ان کی عمر زیادہ ہے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا مگر ڈونلڈ ٹرمپ جمہوریت کے لیے خطرہ ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہیلری کلنٹن نے نجی پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ جانتے ہیں کہ جوبائیڈن بوڑھے ہوچکے ہیں، مگر وہ موزوں صدارتی امیدوار ہیں، عوام کو اس حقیقت کو قبول کرنا چاہیے۔انہوں نے ووٹروں پر زور دیا کہ وہ بائیڈن کی حمایت جاری رکھیں، یہ درست ہے کہ جوبائیڈن اب تک کے سب سے معمر صدر ہیں جو دوسری مدت کے اختتام پر 86 برس کے ہوں گے مگر سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ جن کی عمر 77 سال ہے اگر وہ صدر منتخب ہوگئے توامریکی جمہوریت خطرے میں پڑ جائے گی۔کلنٹن نے 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات میں بائیڈن اور ٹرمپ کے درمیان انتخاب کی اہمیت پر امریکیوں پر زور دیا کہ وہ امریکی جمہوریت کو بچانے کے لیے، سیاسی وابستگی سے قطع نظر آزادی اور قانون کی حکمرانی کے تحفظ اور لوگوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے جوبائیڈن کو صدر منتخب کریں۔انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو سنو، وہ ایسا لگتا ہے جیسے وہ بلند آواز میں، بے ہودہ ہے اور یہ بھی یاد نہیں رکھتا کہ وہ کس کے خلاف لڑ رہاہے، وہ مسلسل براک اوباما کے بارے میں اپنے مخالف کے طور پر بات کرتا ہے۔