نگران کابینہ کے تمام فیصلوں پر نظر ثانی کی جائے گی،وزیراعلیٰ سندھ 

کراچی(آئی این پی ) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نگران صوبائی کابینہ کے تمام فیصلوں پر نظر ثانی کی جائے گی۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا قانون کے مطابق نگران حکومت ایسا کوئی کام نہیں کر سکتی جس کا اسے اختیار نہ ہو، پچھلی حکومت کے کاموں کو بھی نگران کابینہ نہیں چھیڑ سکتی تھی۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا الیکشن کمیشن نے ہماری اسکیمیں روک دیں تھیں، یہ الیکشن کمیشن کا کام نہیں تھا، امن و امان کی صورتحال شہروں میں بہتر ہے نہ دیہی و کچے کے علاقے میں، امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنا حکومت کا کام ہے، پولیس میں کچھ تبدیلیاں کی جارہی ہیں جس پر مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کنٹرول کرنا بھی حکومت کا ہی کام ہے، ہم نے رمضان پرائس کنٹرول اور ذخیرہ اندازوں کے خلاف کام شروع کر دیا ہے، میں خود اس مہم کی نگرانی کروں گا، اگر انتظامیہ قابو نہیں کر سکی تو انتظامیہ کو سزا ملے گی۔ ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کل آصف زرداری واضح اکثریت سے صدر منتخب ہو جائیں گے، اتوار کو نئے صدر کی تقریب حلف برداری ہو گی، اس کے بعد سندھ اور بلوچستان کی کابینہ بھی بن جائیں گی، پیپلز پارٹی، ن لیگ اور اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کر کے کابینہ تشکیل دیں گے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی حکومت سازی سے متعلق قائم کمیٹی وزارتوں کا فیصلہ کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن