اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کمیشن میں شامل خواتین ملازمین کو خراج تحسین پیش کرنے اور مجموعی طور پر سماجی ترقی میں خواتین کے اہم کردار کو اجاگر کرنے کے لئے تقریب منعقد کی گئی۔ کشف فاؤنڈیشن کی بانی اور منیجنگ ڈائریکٹر محترمہ روشنہ ظفر نے تقریب کی مہمان خصوصی تھیں ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کریں، اپنے حوصلہ سے فائدہ اٹھائیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں ۔ محترمہ روشنہ ظفر، جو کہ فنانس کے شعبہ سے وابستہ ہیں، نے پاکستانی خواتین کو بااختیار بنانے کے سفر آگاز کشف فاؤنڈیشن کے قیام سے کیا۔ انہوں نے شرکا کو اپنے تجربات سے آگاہ کیا ۔ ایس ای سی پی کے چیئرمین عاکف سعید نے کارپوریٹ سیکٹر اور خاص طور پر ادارے کے اندر صنفی تنوع کو فروغ دینے کے لیے ایس ای کے اقدامات اور پالیسیوں پر روشنی ڈالی ، جن کے ذریعے خواتین کے لئے کام کا سازگار ماحول ، پالیسیاں متعارف کروائی گئیں اور خواتین کی نمائندگی میں اضافہ کیا گیا۔