نیسپاک نے سعودی عرب میں 574 ڈیموں کا پرجیکٹ حاصل کر لیا 

لاہور (نیوز رپورٹر) نیسپاک نے سعودی عرب  میں  574  ڈیموں  کا پراجیکٹ حاصل کر لیا ہے، جس کی کنسلٹنسی فیس 5.2  ارب روپے ہے۔ نیسپاک کے مینیجنگ ڈائریکٹر  زرغام اسحاق خان نے گزشتہ روز میڈیا کو بتایا کہ کمپنی نے یہ منصوبہ آبی وسائل اور ڈیم انجینئرنگ کے شعبے میں کمپنی کے وسیع تجربے کی بنیاد پر حاصل کیا ہے۔ اس منصوبے کو سعودی عرب کی وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت (MEWA) نے نیسپاک کے KSA آفس کو تفویض کیا ہے۔ مشاورتی خدمات 36 ماہ کی مدت پر محیط ہیں۔ خدمات کے دائرہ کار میں 574 موجودہ ڈیموں کا ہائیڈرولوجیکل جائزہ، 240 مقامات پر سیلاب سے بچاؤ کے کام، 40 ڈیموں کے لیے تفصیلی ڈیزائن، اور ٹینڈر دستاویزات، 60 ڈیموں کا تفصیلی فزیکل معائنہ، اور ڈیم کی حفاظت کی ٹریننگ کی خدمات شامل ہیں۔ یہ پراجیکٹ نیسپاک کے اندر متعدد ڈویژن کے ماہرین مل کر پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ واٹر اینڈ ایگریکلچر ڈویژن کے جنرل منیجر خالد محمود پروجیکٹ مینیجر کے طور پر کام کریں گے۔ یہ کوشش نہ صرف KSA میں پانی کے بنیادی ذرائع  کی ترقی بلکہ خطے میں ایک معروف انجینئرنگ کنسلٹنسی فرم کے طور پر نیسپاک کی ساکھ کو بھی بڑھائے گی۔

ای پیپر دی نیشن