پنجاب میں تاریخ کا سب سے بڑا ماحولیاتی اور جنگلات کے تحفظ کامنصوبہ شروع کرنےکا فیصلہ

لاہور: پنجاب میں تاریخ کا سب سے بڑا ماحولیاتی اور جنگلات کے تحفظ کامنصوبہ شروع کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔لاہور میں سینئر وزیرمریم اورنگزیب کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس دوران پنجاب کو اسموگ فری بنانے اور ڈسپوز ایبل پلاسٹک بیگز کےخاتمےکیلئے منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں ماحولیاتی تحفظ کےادارے (ای پی اے) کو فعال بنانے، ڈیجیٹلائز کرنے اور پنجاب فاریسٹ ایکٹ کو موجودہ تقاضوں کے مطابق بنانے کے لیے ترامیم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اس کے علاوہ صوبے میں فضائی آلودگی کےخاتمےکیلئے نجی شعبےکےاشتراک سے پلان بنانے، پنجاب کی تاریخ کا پہلا زولوجیکل سروے کرانے اور وزیراعلیٰ کے پلانٹ فار پاکستان وژن پر عمل درآمد کی بھی منظوری دی گئی۔سینئر وزیر کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں لاہور میں پہلی بین الاقوامی مچھلی منڈی بنانے، محکمہ وائلڈ لائف کوجدید معیار اور ٹیکنالوجی کےمطابق اپ گریڈ کرنے، پنجاب کی پہلی ڈیجیٹل وائلڈ لائف آرکائیو، وائلڈ لائف پروٹیکشن فورس بنانے کی بھی منظوری دی گئی۔

ای پیپر دی نیشن