ویسٹ انڈیز کے شہر برج ٹائون میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم ایک سو چونتیس رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ایک سو بتیس رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے سلمان بٹ نے سب سے زیادہ سڑسٹھ رنز بنائے اورآؤٹ نہیں ہوئے۔ عبدالرزاق انتیس اور شاہد آفریدی گیارہ رنز بنا کر دوہرا ہندسہ کراس کرنے میں کامیاب رہے۔ محمد حفیظ آٹھ، کامران اکمل پانچ اور مصباح الحق تین رنزبنا سکے جبکہ عمراکمل بغیر کوئی سکور بنائے ہی پویلین لوٹے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سےاین بٹلر نے تین اور کائلز ملز نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اس سے پہلے نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر ایک سو تینتیس رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ ڈینیئل ویٹوری نے ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد اڑتیس رنز کی اننگز کھیلی جبکہ برینڈن میک کولم نے تینتیس اور سکاٹ سٹائرس نے اکیس رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد سمیع، عبدالرحمن اور شاہد آفریدی نے دو، دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان نے میچ میں دو تبدیلیاں کیں اور محمد آصف اور فواد عالم کی جگہ عبدالرحمن اور محمد سمیع کو ٹیم میں شامل کیا۔