اسلام آباد (آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور حلقہ این اے 55 سے امیدوار برائے قو می اسمبلی شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کیساتھ پیش آنے والا واقعہ ماڈرن دہشت گردی ہے‘ توقع ہے کہ( آج) جمعرات کوعمران خان اسلام آباد میں تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت کریں گے‘ اگر بوجہ علالت عمران خان جلسے میں شریک نہ ہوئے تو ان کی تینوں ہمشیرگان شرکت کریں گی‘ الیکشن کمیشن امیدواروں کے الیکشن کیمپ پولنگ سٹیشنوں سے ڈیڑھ سو گز دور بنانے کی اجازت دے‘ چار سو گز کا فاصلہ زیادہ ہے‘ راولپنڈی کے ڈھوک مٹکال اور ڈھوک حسو میں خواتین کے پولنگ سٹیشن دور بنائے گئے ہیں‘ ضلعی الیکشن کمشن نے راولپنڈی یونین کونسل نمبر 4 کے پولنگ سٹیشن بغیر اطلاع دئیے تبدیل کردئیے،گزشتہ روز راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) نے جلسہ نہیں جلسی کی‘ نواز شریف کے اب مجھے یاد کرنے کے دن آگئے ۔ وہ بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ شیخ رشید نے کہا کہ جمعرات کو انتخابی مہم کے آخری روز الزام تراشی کی سیاست کو دفن کردیں گے۔ دہشت گردی صرف بم دھماکوں کا نام نہیں‘ جو منگل کو عمران خان کیساتھ واقعہ پیش آیا یہ بھی ایک ماڈرن دہشت گردی ہوسکتی ہے۔
شیخ رشید