بلدیاتی الیکشن کرانے کی درخواست، لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت سے جواب طلب کر لیا

لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے بلدیاتی انتخابات منعقد کرنے کے لئے دائر درخواست پر حکومت پنجاب سے جواب طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 4 ہفتوں کےلئے ملتوی کر دی۔ فاضل عدالت کے روبرو درخواست گزار کے وکیل زاہد منہاس ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ حکومت پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 11جولائی تک بلدیاتی انتخابات منعقد کرانا ضروری ہے لیکن اس سلسلہ میں تاحال کوئی پیش رفت نہیں کی گئی۔ لٰہذا فاضل عدالت بلدیاتی انتخابات دیئے گئے شیڈول کے مطابق منعقد کرانے کے احکامات جاری کرے۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے سرکاری وکیل سے استفسارکیا کہ 11جولائی کو نوٹیفکیشن میں دئیے گئے شیڈول کے مطابق وقت ختم ہو رہا ہے اس سلسلہ میں کیا انتظامات کئے گئے ہیں۔ جس پر سرکاری لاءافسر نے عدالت کو بتایاکہ اس وقت ملک میں عام انتخابات کے باعث مصروفیت جاری ہےں اور بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے سپریم کورٹ آف پاکستان میں معاملہ زیر سماعت ہے۔ فاضل عدالت نے حکومت پنجاب سے چار ہفتوں میں جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔ 

ای پیپر دی نیشن