پشاور (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) پشاور کے علاقہ رشید گڑھی یکہ توت میں دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران دو پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا اور ایک خودکش بمبار نے خود کو ایک گھر کے اندر اڑا دیا جس کے نتیجہ میں گھر میں موجود ایک خاتون اور دو بچے زخمی ہوگئے جبکہ ایک دہشت گرد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ گزشتہ روز پولیس کو اطلاع ملی کہ گھر کے اندر بعض دہشت گردوں اور خود کش بمبار نے پناہ لے رکھی ہے جو بارودی مواد اور بھاری ہتھیاروں سے لیس ہیں اور آئندہ ہونے والے عام انتخابات کے حوالہ سے سیاسی جماعتوں کی ریلیوں اور دیگر اجلاسوں کو نشانہ بنانے کے لئے منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ اس اطلاع پر پولیس نے چھاپہ مار کر ایک دہشت گرد کو حراست میں لے لیا جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ اس کے دوسرے ساتھی بھی مذکورہ علاقہ میں موجود ہیں جس پر پولیس اور انٹی ٹررسٹ سکواڈ کے اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے ایک گھر پر ریڈ جہاں دہشت گردون نے پولیس کو دیکھ ان پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجہ میں ایلیٹ فورس کے دواہلکار جاں بحق اور ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ اس دوان ایک اور حملہ آورکو بھی گرفتار کرلیا جن کے قبضہ سے بارود سے بھرا جیکٹ، اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس دوران ایک حملہ آور موقع سے فرار ہوگیا جس کی گرفتاری کے لئے پولیس اور انٹی ٹررسٹ سکواڈ کے اہلکار سرچ آپریشن کررہے ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔