کراچی : ایف بی آئی کے ایجنٹ جوئیل کی ضمانت منظور‘ رہا کر دیا گیا

کراچی (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ)  کراچی کی مقامی عدالت نے گرفتار ایف بی آئی اے ایجنٹ جوئیل کاکس کی ضمانت منظور کر لی جس کے بعد اسے رہا کر دیا گیا۔ اس سے پہلے حکومت نے ملزم تک امریکی قونصلر کی رسائی کی اجازت دیدی تھی۔ جمعرات کو ملیر کی مقامی عدالت میں تفتیشی حکام نے ایف بی آئی اے کے گرفتار ایجنٹ جوئیل کاکس کو عدالت میں پیش کیا۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ایف بی آئی اے ایجنٹ جوئیل کاکس کی دس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہائی کا حکم دے دیا۔ عدالتی حکم کے کچھ دیر بعد امریکی شہری کو 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے پر رہا کر دیا گیا۔ امریکی شہری کے قبضے سے ایک میگزین اور 15 گولیاں برآمد ہوئی تھیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق جیوئل کاکس کو عدالتی حکم نامہ موصول ہونے سے قبل ہی رہا کر دیا گیا۔ جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ سے گرفتار کئے گئے ایف بی آئی ایجنٹ کو پولیس حراست میں خصوصی پروٹوکول دیا گیا، صبح ہوتے ہی ملزم کو غیرملکی ریسٹورنٹ کا ناشتہ بھی پیش کیا گیا۔ ثناء نیوز کے مطابق ترجمان محکمہ خارجہ جین پاسکی کے مطابق جوئیل کاکس ایف بی آئی کا ایجنٹ ہے اور امریکی سفارتخانے کے لیگل اتاشی کے ساتھ عارضی ڈیوٹی پر تھا۔ جوئیل کاکس سے ایف آئی اے نے تحقیقات مکمل کر لی ہیں۔ ایف آئی اے کو امریکی ایجنٹ کے قبضے سے ملنے والے لیپ ٹاپ سے اہم معلومات ملی ہیں۔ جوئیل کاکس کے کمپیوٹر سے کراچی کے حوالے سے اہم معلومات ٹرانسفر کی گئی ہیں۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی ایجنٹ سے ملنے والی معلومات حساس نوعیت کی نہیں تاہم اہم ضرور ہیں۔ امریکی قونصلیٹ نے ایف بی آئی ایجنٹ کی گرفتاری اور پھر رہائی پر ردعمل میں کہا ہے کہ ایف بی آئی ایجنٹ کے مقدمے سے متعلق پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں۔ ضمانت پر رہا ہونے والا ایف بی آئی ایجنٹ بیرون ملک نہیں جا رہا۔ دریں اثناء امریکیوں نے سندھ پولیس کے تمام تربیتی کورسز مؤخر کر دئیے۔ دریں اثناء ترجمان امریکی قونصل خانہ نے کہا ہے کہ سندھ میں امریکی تعاون سے پولیس کے تربیتی کورس شیڈول کے مطابق ہوں گے جوئیل کاکس کی گرفتاری کے بعد دیگر لوگ اس کی قانونی مدد میں مصروف ہیں اس لئے اس ہفتے ٹریننگ کورس نہیں ہوں گے دو ہفتے بعد تربیتی کورس معمول کے مطابق ہوں گے ہم پاکستانی قانون کا مکمل احترام کرتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن