لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور طاہر القادری کی ریلیوں کے دوران دہشت گردی کا خطرہ ہے جس سے دونوں جماعتوں کی قیادت کو باقاعدہ آگاہ کر دیا ہے تاہم حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے بھرپور سکیورٹی فراہم کرے گی۔ لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروںکی رپورٹس کے مطابق 11مئی کو تحریک انصاف اور طاہر القادری کی احتجاجی ریلیوں کے دوران دہشت گردی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج تمام جماعتوں کا حق ہے حکومت یہ آئینی حق تسلیم کرتی ہے لیکن امن وامان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے احتجاج کرنے والی جماعتوں کو بھی اپنے طور پر سکیورٹی کے انتظامات کرنے چاہیں جبکہ صوبائی حکومت بھی اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے بھرپور سکیورٹی فراہم کرے گی۔ حکومت نے احتجا ج کو روکنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا اس سے پہلے بھی عمران خان اور طاہر القادری احتجاج کر چکے ہیں اس وقت بھی حکومت نے انہیں فری ہینڈ اور سکیورٹی دی تھی اس بار بھی ایسا ہی ہو گا لیکن یہ احتجاج فلاپ شو ثابت ہو گا کیونکہ عوام نے انہیں مسترد کر دیا ہے۔ عمران خان کو چاہیے کہ وہ خیبر پی کے پر توجہ دیں اور اپنی کارکردگی بہتر بنائیں احتجاج سے حکومتیں نہیں ملتیں۔ انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری مکار اور جھوٹے ہیں وہ غیرملکی ایجنڈا لے کر پاکستان آئے اور حکومت کے خلاف محاذ کھڑا کر رہے ہیں۔ انہوں نے طاہرالقادری اور عمران خان کے اتحاد پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن ایجنڈے پر کام کرنے والے طاہرالقادری مکار اور جھوٹے ہیں وہ جمہوری حکومت کے خلاف محاذ کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔ طاہرالقادری سے حب الوطنی کی توقع نہ کی جائے۔ عمران خان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 11 مئی کے دھرنے کے پیچھے کیا مقاصد ہیں یہ جلد واضح ہو جائے گا۔