11 مئی کو کوئی قیامت نہیںآئیگی، عمران خان عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتے : حمزہ شہباز

May 09, 2014

لاہور(خصوصی رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کی احتجاجی ریلی سے 11مئی کو کوئی قیامت نہیں آئے گی۔ وہ عوام کو دھوکہ دینے میں کامیاب نہیں ہوسکتے ، عوام حیران ہیں کہ آخر ایک سال بعد اچانک عمران خان کو احتجاجی ریلی نکالنے کا خیال کیوں آگیا، دھاندلی کے الزامات کا راگ الاپنے پر اب عوام بھی عمران خان پر ہنستے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان جن مقاصد کو لے کر احتجاجی سیاست کرنے نکلے ہیں وہ پورے نہیں ہوں گے کیونکہ عوام بحیثیت سیاستدان ان کا ایجنڈا مسترد کرچکے ہیں۔ عمران خان کی سیاسی قلابازیاں محض میڈیا میں ان رہنے کی کوششیں ہیں، عمران خان کو خیبر پی کے میں حکومت بنانے کا موقع ملا ہے اب وہ مسائل میں گھرے ہوئے اس صوبے کے عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے وہاں کام کریں احتجاج اور ریلیوں کی سیاست خود ان کے لئے اچھی ہے نہ ملک و قوم کے لئے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے حالیہ دورہ برطانیہ کے موقع پر برطانوی وزیراعظم نے ہماری حکومت کے اقدامات کو سراہا اور پاکستانی حکومت کی سمت کو درست قرار دیا۔ قبل ازیں حمزہ شہباز شریف نے حویلی آصف جاہ لاہور میں ساؤتھ ایشین پالیسی ڈائیلاگ کانفرنس کے مندوبین کے اعزاز میں منعقدہ ثقافتی شو میں شرکت کی۔ انہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک میں تعلیمی انقلاب لانے کے لئے کوشاں ہے اس مقصد کے لئے دانش سکول ، تعلیمی انڈوومنٹ فنڈ ، لیپ ٹاپ پروگرام اور آئی ٹی لیبز کے منصوبے شروع  کئے گئے ہیں۔ وزیراعظم محمد نوازشریف لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی  کے خاتمے کے لئے پورے خلوص اور نیک نیتی سے سرگرم عمل ہیں۔

مزیدخبریں