اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ جمہوریت کے خلاف کسی تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے۔ جمہوری مسائل کا حل سڑکوں پر نہیں پارلیمنٹ میں ہوتا ہے، لاہور ہائیکورٹ کا واقعہ 11 مئی کے لئے ٹیمپو بنانے کی کوشش ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ میں پیش آنیوالے واقعہ کی سخت مذمت کرتا ہوں، ملک اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ادارے کا اپنا آئینی کردا ہے بغیر ثبوت کے کسی ادارے پر الزام نہیں لگانا چاہیئے ۔ صحافی کی جانب سے کئے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کیلئے عمران خان کو کون استعمال کر رہا ہے، کسی قسم کے شواہد کے بغیر الزام نہیں لگائوں گا، اتنا ضرور ہے کہ عمران خان کے پیچھے ہاتھ طاقتور ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے دو وزرائے اعظم کو نااہل قرار دیا گیا، ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی ہوئی، آصف زرداری عدالتوں میں پیش ہوئے ہم نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا ہے۔ گزشتہ دنوں لاہور ہائیکورٹ میں جو کچھ ہوا ہے وہ انتہائی شرمناک اور قابل مذمت فعل ہے۔
جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کیلئے عمران کے پیچھے کوئی طاقتور ہاتھ ہے:رضا ربانی
May 09, 2014