اسلام آباد (این این آئی/آن لائن) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے گیارہ مئی کے انتخابات کا سوئم ہی نہیں منایا تو اب برسی کیسے منارہے ہیں؟ عمران خان یاد رکھیں اداروں کی لڑائی کا سیاستدانوں کو کبھی فائدہ نہیں ہوا، جاوید ہاشمی کہیں تحریک انصاف سے بھی نہ چلے جائیں ۔ پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہاکہ ملکی حالات سڑکوں پر نکلنے کا تقاضا نہیں کررہے،احتجاج کرنا تحریک انصاف کا جمہوری حق ہے۔ عمران خان کو مشورہ دیتا ہوں کہ اداروں کی لڑائی کا سیاستدانوں کو کبھی فائدہ نہیں ہوا، عمران خان، نواز شریف اور ہم سب کو چاہئے کہ مل کر ملکی مسائل حل کریں۔ اس وقت لوڈ شیڈنگ کا دورانہ اوسطاً 13گھنٹے ہے جبکہ گردشی قرضہ دو سو تیس ارب روپے مزید بڑھ گیا ۔ جاوید ہاشمی کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ جاوید ہاشمی کی سیاست کا انداز اپنا ہے، اس لئے وہ مسلم لیگ ن سے گئے، اب وہ کہیں تحریک انصاف سے بھی نہ چلے جائیں۔ انہوں نے پولیو کے باعث پاکستان پر سفری پابندیوں پر افسوس کا اظہارکیا۔ ایک سوال کے جواب میں سید خورشید شاہ نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کے لئے جد و جہد کی ہے اور ہم جمہوری اداروں کو مضبوط بنائینگے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ میری دعا ہے کہ وزیر اعظم بجلی کی لوڈشیڈنگ سات گھنٹوں تک لے آئیں۔ گردشی قرضے ختم ہونے کے باوجود لوڈشیڈنگ بڑھا دی گئی ہے ۔ عمران خان سیاسی بصیرت اور جمہوری اقدار کو سمجھیں۔ عوام کو تاثر جارہا ہے کہ کوئی طاقت ان کی ریلیوں کے پیچھے ہے۔ جاوید ہاشمی کا سیاست اپنا طریقہ کار ہے اس لئے وہ مسلم لیگ (ن) کو چھوڑ گئے۔ مجھے ڈر ہے کہ کہیں وہ تحریک انصاف کو بھی نہ چھوڑ جائیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر جمہوریت کے استحکام کے لئے کام کرنا ہوگا۔ نواز شریف بھی تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل بیٹھ کر مسائل حل کریں۔ ایسے اقدامات کئے جائیں کہ اداروں میں ٹکرائو نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کی وجہ سے عازمین حج کو بھی سفری مشکلات کا سامنا ہوگا۔ امریکی ایجنٹ سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ امریکی ایجنٹ سے قانون کے مطابق نمٹا جائے۔ ہمارے ارکان پارلیمنٹ پر امریکی فضائی حدود سے گزرنے کی پابندی لگ سکتی ہے تو امریکی شہری کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہئے۔