پاکستان آئندہ بجٹ میں بجلی کی قیمت گیس پر ٹیکس بڑھائے، آئی ایم ایف کی تجویز

May 09, 2014

اسلام آباد (ایجنسیاں) عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کو آئندہ مالی سال بجلی کی قیمت اور گیس پر ٹیکس بڑھانے کی تجویز دیدی، دبئی میں جاری مذاکرات میں بجٹ کی تیاری کے لئے مشورے دئیے جارہے ہیں۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کی اقتصادی ٹیم دبئی میں آئی ایم ایف سے پالیسی سطح کے مذاکرات کر رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان مذاکرات میں آئندہ مالی سال کے بجٹ اور ٹیکس اہداف پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مذاکرات حتمی دور میں داخل ہوگئے ہیں۔ عالمی مالیاتی ادارہ اطمینان بخش معاشی کارکردگی پر پاکستان کیلئے 55 کروڑ ڈالر قرض کی قسط منظور کر سکے گا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت سکوک کے اجرا میں شفافیت لانے کے لئے شفاف اور مسابقتی عمل کے سلسلہ میں جلد ہی قومی اور بین الاقوامی اخبارات میں اشتہار جاری کرے گی وہ پاکستان کی طرف سے سکوک کے اجرا کے امکانات پر بینکاروں کی ٹیم سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بیرون ممالک سے اضافی رقوم لانے کے لئے منصوبہ تشکیل دیا ہے اور یہ مجوزہ طریقہ اسی منصوبہ کا حصہ ہے۔

مزیدخبریں