اجمل قصاب زندہ ہے، پیش کر سکتا ہوں ممبئی حملہ کیس کے گواہ کا انکشاف

راولپنڈی/ممبئی /نئی دہلی(اے پی اے) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ممبئی حملہ کیس میں گزشتہ روز پیش ہونے والے گواہ استاد مدثر کے اس سنسنی انکشاف کہ ممبئی حملہ کیس کا مرکزی ملزم اجمل قصاب زندہ ہے نے کیس کو نیا رخ دیدیا۔ ممبئی حملہ کیس کے گواہ کے انکشاف نے بھارتی میڈیا میں طوفان برپا کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ممبئی حملہ کیس کی گزشتہ روز سماعت کے دوران عدالت نے 8 گواہان کے بیانات قلمبندکرنا تھے تاہم ایک گواہ استاد مدثر کا بیان ہی ریکارڈ کیا جا سکا۔ گواہ نے عدالت میں اپنے پرائمری سکول کا رجسٹر بھی پیش کیا جس میں اجمل قصاب کے سکول داخلے اور سکول چھوڑنے کی معلومات درج تھیں۔گواہ نے عدالت کو بتایا کہ جس اجمل قصاب کو ہندوستان میں پھانسی دی گئی تھی وہ اسے نہیں جانتے میں جس اجمل قصاب کو جانتا ہوں وہ زندہ ہے اور عدالت جب چاہے اسے عدالت میں پیش کر سکتا ہوں۔ کیس کی سماعت کے دوران جب عدالت کی جانب سے ان سے استفسار کیا گیا کہ وہ آخری بار کب اجمل قصاب سے ملے تو مدثر نے عدالت کو بتایا کہ اس کی اجمل قصاب سے آخری ملاقات چند روز قبل ہی ہوئی تھی۔ بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر ممبئی حملوں کے اوپر سوالیہ نشان کھڑے کر دئیے۔ ممبئی حملوں کے بعد بھی کئی بھارتی چینلز اور اخبارات نے ان کی صداقت پر سوالیہ نشان اٹھائے تھے۔ واضح رہے کہ 26 نومبر 2008ء میں ہونے والے ممبئی حملوں کے مرکزی ملزم اجمل قصاب کو 21 نومبر 2012ء کو پھانسی دے دی گئی تھی۔

ای پیپر دی نیشن