سٹے بازوں کی تعیناتی سے قومی ٹیم تباہ ہو گی: محسن خان‘ سفارش نہ ماننے پر باتیں کر رہے ہیں: پی سی بی

لاہور(سپورٹس ڈیسک+نوائے وقت رپورٹ ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ محسن حسن خان ہیڈ کوچ کی تقرری پربھڑک اٹھے۔ کہتے ہیں کہ بورڈ نے سب کوبیوقوف بنایا۔ اگرمرضی ہی کرنا تھی تودرخواستیں کیوں طلب کی گئیں۔ہیڈ کوچ کے عہدے کیلئے زیرغورنہ لا ئے جانے پرمحسن خان بھڑک اٹھے۔ پریس کانفرنس میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کوآڑے ہاتھوں لیا۔ کہتے ہیں نجم سیٹھی نے میرٹ کی دھجیاں اڑائیں۔ ہیڈ کوچ کی تقرری غلط اندازمیں کی گئی۔ اگراپنی مرضی چلانی تھی تودرخواستیں کیوں طلب کی گئیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کسی کی جاگیرنہیں بلکہ یہ اٹھارہ کروڑ عوام کا بورڈ ہے۔ پاکستان کی ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی میں کوچنگ سٹاف کا کوئی کمال نہیں تھا۔ متنازعہ شخص کوکوچ بنا کرٹیم کوتباہ کیا جارہا ہے، بورڈ سٹے بازکھلاڑیوں کی مدد کرکے غلط مثال قائم کررہا ہے۔ جن لوگوں کودنیا کے بورڈزنکال رہے ہیں پی سی بی انہیں کوچ رکھ رہا ہے۔ پی سی بی کیخلاف عدالت جائونگا اور وزیر اعظم کو بھی آگاہ کرونگا۔محسن خان کے بیان پر پی سی بی نے ردعمل میں کہا ہے کہ محسن خان کی الزام تراشی انگور کھٹے ہیںکی مثال ہے۔ کوچ کے عہدے کیلئے محسن خان کی سفارش کو نہیں مانا گیا اس لئے وہ باتیں بنا رہے ہیں۔ محسن خان ذمہ داری سنبھالنے والوں کو داغدار کہتے ہیں۔ محسن خان خود وقار یونس کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن