لاہور (نامہ نگار) اچھرہ کے علاقہ شاہ جمال سے چیف انسپکٹر مائنز کو اغوا کرلیا گیا تاہم اس سلسلہ میں پولیس مختلف پہلوئوں پر مصروف تفتیش ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف انسپکٹر مائنز صدیق گھر سے آفس جانے کیلئے نکلے ہی تھے کہ اس دوران کالے رنگ کی کار میں موجود تین مسلح افراد نے گن پوائنٹ پر اغوا کر لیا اور نامعلوم مقام پر لے گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو سیل کردیا مگر کچھ پتہ نہ چل سکا ہے۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ چیف انسپکٹر صدیق کو کون لوگ اغوا کرکے لے گئے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ صدیق کو ایف آئی اے نے گرفتار کیا ہے جبکہ ایف آئی اے نے اس واقعہ کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔