وزیراعلی محمد شہبازشریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے مظفرگڑھ میں ترکی کے تعاون سے 50 بستروں پر مشتمل سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکا ہسپتال (Turkish International Cooperation and Cordination Agency)کا افتتاح کیا - ترک صدر نے ریموٹ کنٹرول کا بٹن دبا کر ہسپتال کی تختی کی نقاب کشائی کی اور ویڈیو لنک کانفرنس سے خطاب کیا - اس موقع پر انکے ساتھ انقرہ میں منعقدہ تقریب کے دوران ترکی کے نائب وزیر اعظم، وزرائ، ارکان پارلیمنٹ اور ٹیکا کے صدر بھی موجود تھے جبکہ مظفر گڑھ میں وزیراعلی کےساتھ ترک سفیر ایس بابرگرگن ، ارکان پارلیمنٹ اور دیگر معززین کی بڑی تعداد نے خصوصی تقریب میں شرکت کی - مظفر گڑھ میں قائم ٹیکا ہسپتال چلانے کیلئے حکومت پنجاب فنڈز مہیا کرتی ہے جبکہ ایک این جی او ” انڈس “ ہسپتال کے نظام کو چلانے کی ذمہ دار ہے -مظفر گڑھ کے علاقے میں ترک خاتون اول کے نام سے منسوب امینہ طیب اردوان سکول بھی پاک ترک دوستی کا جگمگاتا ثبوت ہے - وزیراعلی نے ترک صدر کو امینہ طیب اردوان سکول کا افتتاح کرنے کےلئے پاکستان کے دورے کی خصوصی دعوت دی ہے-
وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف پاک ترک دوستی کے حوالے سے گرمجوشی کے جذبات رکھتے ہیں - ترکی کے تعاون سے لاہور میں شہریوں کی سہولت کے متعدد منصوبے کامیابی سے چلائے جارہے ہیں - دریائے چناب کے کنارے جنوبی پنجاب کے اہم شہر مظفر گڑھ میں طیب اردوان ہسپتال کی افتتاحی تقریب میں شرکت کےلئے پر جوش اور پر عزم تھے- انہوں نے ہسپتال کی افتتاحی تقریب میں شرکت سے قبل تمام شعبوں کاخصوصی طور پر دورہ کیا اور مریضوں سے فردا فردا ہسپتا ل کے بارے میں دریافت کیا- اس موقع پر تقریب سے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی محمد شہبازشریف کا کہنا تھا کہ رجب طیب اردوان ٹرسٹ ہسپتال ترک حکومت اور عوام کا پاکستان، پنجاب، بالخصوص جنوبی پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ کے عوام کیلئے ایسا انمول تحفہ ہے جو تمام ضروری جدید طبی سہولیات سے لیس ہے۔ نفع نقصان کے بغیر ہسپتال کا نظام چلایا جا رہا ہے اور دکھی انسانیت کی خدمت میں یہ ادارہ پیش پیش ہے اور آج ہسپتال میں آرتھوپیڈک کا شعبہ بھی شروع کیا گیاہے جس سے معذور افراد کو علاج معالجے کی جدید سہولتیں میسر آئیں گی -وزیراعلیٰ نے 100 بیڈز پر مشتمل رجب طیب اردوان ہسپتال کو 500 بستروں تک بڑھاکر ٹیچنگ ہسپتال بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اس با ت کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ یہاں میڈیکل کالج، نرسوں کا تربیتی ادارہ، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے شعبے بھی بنائے جائینگے۔ اربوں روپے کے اس منصوبے کیلئے آئندہ مالی سال فنڈز رکھے جائینگے۔ منصوبے کیلئے جگہ کا انتخاب اور ڈیزائن تیار کیا جا چکا ہے اور ےہ تمام منصوبے 2سال میں مکمل کئے جائینگے۔ رجب طیب اردوان ہسپتال جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے ایک ایسا شاندار تحفہ ہے جس کے آگے پورے پاکستان کے سرکاری ہسپتال شرما جائیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کو بہتر بنانا ہمارا مشن ہے اور ہم اس مقصد کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ دکھی انسانیت ہماری مدد کی منتظر ہے، ہمیں دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے میدان عمل میں آنا ہے۔ رجب طیب اردوان ٹرسٹ ہسپتال دکھی انسانیت کی خدمت کا شاندار شاہکار ہے۔ اس مثالی ہسپتال کو آئندہ دو سالوں میں 500 بستروں تک لے جایا جائےگا اور یہ ایسا ہسپتال بنے گا جہاں کراچی اور لاہور کے مریض بھی علاج کیلئے آئینگے۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے ویڈیو لنک کے ذرےعے ترکی انقرہ سے خصوصی طور پر خطاب کیا اور ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے- پوری پاکستانی قوم بہادری سے دہشت گردی اور دیگر مسائل کا مقابلہ کر رہی ہے جس پر میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں - ترک صدر کا خطاب نہ صرف تقریب کے شرکاءنے ویڈیولنک کے ذریعے براہ راست سنا بلکہ چینلز پر بھی نشر کیاگیا - یہ امر قابل ذکر ہے کہ ترکی کے تعاون سے مظفر گڑھ کے علاقے میں 1274 گھروں پر مشتمل رجب طیب ادروان ہا¶سنگ کمپلیکس بھی مکمل ہوچکا ہے جہاں 2010 کے سیلاب کے دوران بے گھر ہونےوالے شہریوں کو گھر فراہم کئے گئے ہیں -