لاہور (خبرنگار) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے عمران خان اپنے جھوٹ بولنے کی عادت کے یرغمال بنے ہوئے ہیں۔ مری میں گورنر ہائوس کی تزئین ہو رہی ہے، کسی نجی رہائشگاہ کی نہیں۔ عمران خان کو اپنے بے بنیاد الزامات پر شرمسار ہونا چاہئے۔ ایک بیان میں انہوں نے عمران خان کو جھوٹ بولنے کی فیکٹری کے مساوی قرار دیا کیونکہ عمران خان روزانہ کی بنیاد پر جھوٹ بولے بغیر نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا مری میں گورنر ہائوس کوئی نجی رہائشگاہ نہیں، عمران خان ابھی عمرہ ادا کرکے سعودی عرب سے واپس لوٹے ہیں لیکن افسوس کی بات ہے، انہوں نے اپنی بری عادتیں نہیں چھوڑیں۔ اسلام آباد سے آئی این پی کے مطابق ترجمان وزیراعظم ہائوس نے کہا ہے مری میں کسی نجی عمارت کیلئے حکومت کی طرف سے فنڈز مختص کرنے کا الزام قطعی بے بنیاد ہے۔ گورنر ہائوس مری تاریخی سرکاری عمارت ہے، اسکی تزئین وآرائش اسے محفوط بنانے کیلئے کی جارہی ہے۔ ترجمان نے کہا وزیراعظم نوازشریف نے موجودہ دور میں اس عمارت میں ایک دن بھی قیام نہیں کیا۔