کئی شہروں میں سرچ آپریشن‘ 219 مشتبہ افراد گرفتار : پشین افغان ایجنٹ پکڑا گیا

May 09, 2016

لاہور+ کوئٹہ+ پشاور+ مردان (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگاران+ ایجنسیاں) مختلف شہروں میں سرچ آپریشن کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے دوران مزید 219 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ملزمان سے جعلی دستاویزات اور بھاری تعداد میں میں اسلحہ برآمد ہوا ہے جبکہ حساس اداروں نے پشین میں کارروائی کرتے ہوئے ایک افغان ایجنٹ کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم کے قبضے سے دستی بم اور حساس دستاویز برآمد کرلی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سرگودھا اور میانوالی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے 24 مشتبہ افراد کو اسلحہ سمیت پکڑلیا۔ علاوہ ازیں پشاور پولیس نے سٹی سرکل کے علاقوں تھانہ پھندو، شاہ قبول، کوتوالی اور تھانہ خان رازق شہید کی حدود میں آپریشن کیا اس دوران لیڈیز پولیس اور سنیفر ڈاگز کی مدد سے چار سو کے قریب گھروں کو چیک کیا گیا۔ اس دوران 3 افغان باشندوں سمیت 68 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نارنگ منڈی کے دیہات کرتو اور پنڈوری میں نیشنل ایکشن پلان کے دوران چارگھنٹے کے مسلسل آپریشن کے دوران 28مشتبہ افراد کو حراست میں لےکر کروڑوں روپے کا بھاری اسلحہ ہزاروںگولیاں اور لاکھوں روپے نقدی برآمد کرکے تمام ملزمان کو گرفتارکرکے حوالات میںبندکردیا گیا ہے۔ سرائے عالمگیر سے نامہ نگار کے مطابق بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرکے 14مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ بھکر سے نامہ نگار کے مطابق دے والا میں پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے 5مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ ادھر مردان میں سرچ آپریشن کے دوران 80 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں مہمند ایجنسی میں موٹر کار کے خفیہ خانوں سے لاکھوں روپے مالیت کی 45کلو گرام افیون برآمد کرلی گئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
سرچ آپریشن

مزیدخبریں