اسلام آباد(صباح نیوز)ملک میں جاری چھٹی خانہ اور مردم شماری کے دوسرے مرحلے میں خانہ شماری کا عمل مکمل ہوگیا ۔ملک کے 87 اضلاع میں خانہ شماری کا عمل 27 اپریل تک جاری رہا جبکہ باقی کے اضلاع میں 28 اپریل سے شروع ہونے والا خانہ شماری کا عمل پیر کو مکمل کر لیا گیا،مردم شماری 25 مئی تک مکمل کر لی جائیگی۔دوسرے مرحلے کے پہلے فیز میں وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب اور سندھ کے 21،21 ، خیبر پی کے کے 18، بلوچستان کے 17 جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پانچ ، پانچ اضلاع میں خانہ ومردم شماری کی جائے گی۔ادارہ شماریات کے مطابق پہلے مرحلے میں حاصل کئے گئے ڈیٹا پر رپورٹ مرتب کرنا شروع کر دی گئی ہے ، دوسرا مرحلہ مکمل ہونے کے 60 دن کے اندر مردم شماری کی سمری تیار کر لی جائے گی۔