کراچی( کامرس رپورٹر) کورنگی صنعتی علاقے میں غیر قانونی کنکشن کے خاتمے اور نالوں کی صفائی کا فیصلہ، فراہمی آب کے لیے بھی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) میں مینجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ خالد شیخ، ڈی سی کورنگی عبدالواجد شیخ کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں متفقہ طور پر غیر قانونی سیوریج کنکشینز کے خاتمے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس اجلاس میں کاٹی کے صدر طارق ملک، سینیئر نائب صدر سلمان اسلم، کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ عمر ریحان، چیئرمین و سی ای و کائٹ ڈی ایم سی زبیر چھایا، مسعود نقی اور دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں کاٹی کے عہدے داران نے صنعتی علاقے میں درپیش نکاسی و فراہمی آب سے متعلق ایم ڈی واٹر بورڈ اور ڈی سی کورنگی کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر ایم ڈی واٹر بورڈ نے شہر میں پانی کی قلت سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ کاٹی کے صدر طارق ملک نے کہا کہ پانی کی عدم فراہمی اور نکاسی کے مسائل کی وجہ سے صنعتی پیداوار شدید متاثر ہے، ملکی معیشت پر اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے سربراہ عمر ریحان نے اس موقع پر کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں پانی و سیوریج سے متعلق صنعتکاروں کے مسائل کے حل کے لئے ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا جائے ، اس موقع پر زبیر چھایا اور مسعود نقی نے علاقے میںپانی اور نکاسی آب سے متعلق کئی تجاویز بھی پیش کیں۔
کورنگی صنعتی علاقے میں غیر قانونی واٹرکنکشن ختم کیے جائیں گے :خالد شیخ
May 09, 2018