کشمیر پر کل جماعتی مشاورتی کانفرنس کا بین الاقوامی کانفرنسیں کرانے کا اعلان

May 09, 2018

لاہور (پ ر) کل جماعتی کشمیر مشاورتی کانفرنس نے نیویارک، لندن اور بریسلز میں بین الاقوامی کشمیر کانفرنسوں کے انعقاد کا اعلان کر دیا۔ مظفرآباد میں حکومت اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ جلسہ ہو گا۔ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں انتخابی منشور میں آزادی کشمیر کو شامل کریں اور اس حوالے سے واضح روڈ میپ دے، پاکستان کی خارجہ پالیسی ناکام ہو چکی ہے، جارحانہ کشمیر پالیسی کی ضرورت ہے، حکومت پاکستان کو کشمیر کاز کا احساس ہے تو وہ فوری طور پر نائب وزیر خارجہ برائے امور کشمیر مقرر کرے۔ یہ اعلان اور مطالبات امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے مشاورتی کانفرنس کی طرف سے کیا۔ ان کی صدارت میں کل جماعتی کشمیر مشاورتی کانفرنس کا اجلاس منگل کو اسلام آباد میں ہوا۔ آزادکشمیر کی حکومت اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں، حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے مشاورتی کانفرنس میں شرکت کی اور مقبوضہ کشمیر کے موجودہ حالات پر مشترکہ لائحہ عمل کے بارے میں مشاورت کی گئی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم اور بھارتی بربریت عرصہ دراز سے جاری ہے جبکہ حالیہ دنوں میں پے در پے سانحات رونما ہو رہے ہیں۔ حکومت پاکستان، سول سوسائٹی، عالمی برادری کسی نے آٹھ سالہ معصوم بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل کے واقعہ کا نوٹس نہیں لیا۔ عالمی ضمیر بے حس ہے۔ سری دیوی کے مرنے پر سول سوسائٹی سمیت سب نے اس قدر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جیسے ان کی نانی چل بسی ہو۔ مگر آٹھ سالہ معصوم آصفہ کی شہادت کسی کو نظر نہ آئی۔ ایک بچے کو جیپ کے نیچے کچل دیا گیا۔ کشمیری پاکستان کے لئے جیتے اور پاکستان کے لئے مرتے ہیں مگر ہم نے انہیں نظرانداز کر دیا ہے۔ اب پروفیسر رفیق بٹ کو شہید کر دیا گیا ہے۔ ساری قیادت جیل میں ہے۔ آسیہ اندرابی نظربند ہے۔ آزادی کی یہ تحریک کوئی معاشی مسئلہ نہیں ہے بلکہ نیلم جہلم اور ستلج میں جو پانی آتا ہے وہ جہاد کشمیر کی وجہ سے ہے۔ یہ انہی کی جدوجہد کی وجہ سے ہے کہ ہمارے کھیت لہلہاتے ہیں۔ اگر یہ پانی بند ہو جائے تو کروڑوں لوگ پنجاب سے ہجرت کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ کشمیر سے آنے والے اس پانی میں کشمیریوں کا سرخ لہو اور لاشیں آ رہی ہیں مگر کسی کو احساس نہیں ہے۔ کسی کی ترجیحات میں مسئلہ کشمیر شامل نہیں ہے۔ جارحانہ کشمیر پالیسی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان فوری طور پر مقبوضہ کشمیر کے بے بس عوام کے لئے غیرفوجی امداد کا اعلان کرے۔ نائب وزیر خارجہ برائے کشمیر مقر رکیا جائے۔
کل جماعتی کشمیر کانفرنس

مزیدخبریں