مدینہ منورہ (جاوید اقبال بٹ) سعودی عرب کے لئے پاکستان کی ویزا فیس دیگر ممالک کی نسبت زیادہ ہے۔ پاکستان جانے والے سعودیوں کے لئے انفرادی وزٹ ویزا 3600 جب کہ بزنس ویزے پر جانے والے سعودی تاجروں کے لئے 5500 ریال فیس مقرر ہے۔ مذکورہ فیس گزشتہ 2 برس سے نافذ ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق ویزا فیس دو طرفہ بنیادوں پر مقرر کی جاتی ہے جس کا بنیادی مقصد باہمی تجارت اور سیاحت کا فروغ ہوتا ہے۔ سعودی عرب جہاں ترقی کے نئے دور سے گزر رہا ہے وہاں پاکستان بھی معاشی وصنعتی ترقی کی جانب گامن ہے۔ سی پیک منصوبہ جہاں پاکستان کی معاشی صنعتی ترقی کے لئے اہم ہے وہاں دنیا کے دیگر ممالک کے لئے بھی باعث کشش ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب کا ویژن 2030 ترقی کے نئے دور کا اہم منصوبہ ہے جو بیرونی سرمایہ کاری اور صنعتوں کے قیام کے لئے انتہائی اہم ثابت ہو گا۔