اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی وطن پارٹی کے سربراہ و رکن قومیاسمبلی آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو آج جنوبی پنجاب کا الگ صوبہ بنانے کا خیال آ گیا، پانچ سال تک ان کی طرف سے کسی پارلیمنٹ میں کوئی تحریک کیوں پیش نہ ہوئی، یہ انتخابی حربہ ہے، تحریک انصاف کی ساکھ عوام میں گری ہے جسے سنبھالا دینے کیلئے جنوبی پنجاب اور فاٹا کے عوام کیلئے انہوں نے الاپ راگنا شروع کر دیا ہے، اگر تحریک انصاف جنوبی پنجاب کا الگ صوبہ چاہتی تھی تو اپنے پائوں پر جدوجہد کرتی۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست میں تشدد کے رجحان سے سیاسی جماعتوں کو نقصان ہو گا، یہ جمہوریت اور ملک کیلئے کسی صورت ٹھیک نہیں۔ ا انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ انتخابات کے دوران سیاسی ٹمپریچر میں گرمی آتی ہے مگر سیاسی جماعتوں کو برداشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اخلاقی روایات کو ملحوظ رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کراچی میں تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں تصادم کے واقعہ پر کہا کہ ایسے واقعات سے سیاست میں تلخی اور تشدد کے رجحان کو فروغ حاصل ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات کا انعقاد غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے، جو بات صبح ہوتی ہے شام کو یہ یکسر تبدیل ہو جاتی ہے جس سے بے یقینی کی کیفیت پیدا ہوتی ہے۔
جنوبی پنجاب صوبہ کا راگ انتخابی حربہ ہے‘ آفتاب شیرپاؤ
May 09, 2018