ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے ایران سے ایٹمی معاہدہ ختم کرنے پر معاملہ سلجھانے کی کوششوں کو ٹھیس پہنچے گی ۔امریکاکی جانب سے ایران کے ایٹمی معاہدے سے علیحدگی پر اپنے ردعمل میں ترجمان نے کہا کہ امریکی اقدام سے مذاکراتی عمل اور سفارتکاری پر اعتماد کمزور ہوگا۔ امریکہ کی علیحدگی کے باوجود دیگر فریق معاہدے پر کاربند رہنے کیلئے رضامند ہیں ۔ ترجمان نے مزید کہا کہ اسلام آباد نے ایران اور عالمی قوتوں کے درمیان معاہدے کا خیر مقدم کیا تھا ۔ امید ہے تمام فریق معاہدے پر عملدرآمد کیلئے کوئی راہ نکالیں گے ۔ آئی اے ای اے نے بھی ایران کی جانب سے معاہدے پر عملدرآمد پر اظہار اطمینان کیا ۔