لاہور (خصوصی نامہ نگار )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام غربت، مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ آچکے ہیں اور اب وہ رمضان میں جھولیاں اٹھا کر حکومت کو بددعائیں دے رہے ہیں۔ ابھی کوئی سڑکوں پر نہیں آیا مگر حکومت کے اوسان خطا ہوچکے ہیں اور وہ خود ہی اپنے انجام کی طرف جارہی ہے۔ حکومت کا ہر دن بد سے بدتر ہوتا جارہا ہے۔ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی اور بالادستی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکا۔ افراد کی خواہش پر فیصلے ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا ظہار انہوں نے بونیر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مدینہ کی طرز پر اسلامی حکومت کے دعویداروں نے پہلے حج کرایوں میں بے پناہ اضافہ کرکے مدینہ جانا مشکل بنایا تھا اور اب مہنگائی کے سونامی نے لوگوں کے لیے رمضان کے روزے رکھنا مشکل تر بنا دیے ہیں۔ حکومت اربوں روپے کی سبسڈی دینے کے اعلانات کررہی ہے مگر کسی جگہ بھی لوگوں کو کوئی ریلیف نہیں مل رہا۔
غربت، مہنگائی سے تنگ عوام جھولیاں اٹھا کر حکومت کو بددعائیں دے رہے ہیں: سراج الحق
May 09, 2019