لاہور (آئی این پی ) لاہور خود کش حملے کے عینی شاہد اور ٹریفک وارڈن نے کہا ہے کہ ہم پولیس والے گھر سے نکلتے ہی شہید ہونے کیلئے ہیں، دہشت گرد اپنے دماغوں سے یہ بات نکال دیں کہ وہ اس طرح کے حملوں سے ہمیں خوف زدہ کرسکتے ہیں، ہم اور پوری قوم ان کے خلاف متحد ہے، حملے کی تفصیلات سے متعلق ٹریفک وارڈن کا کہنا تھا کہ دھماکے کی جگہ پر 10 سے 12 سال کے دو بچے تھے، جو شدید زخمی تھے انہیں اسپتال منتقل کرایا۔ کچھ راہ گیر اور ایلیٹ فورس کے جوان تھے۔ٹریفک وارڈن نے مزید بتایا کہ جب میں نے ایلیٹ فورس کے ایک زخمی جوان کو نکالا تو اس نے منہ سے ہلکی آواز میں ہیلپ بولا لیکن وہ اتنا شدید زخمی تھا کہ اس کے بچنے کے امکانات زیادہ نہیں تھے۔