لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )گزشتہ 5برس میں ہاکی ، اتھلیٹکس اور باکسنگ سمیت دیگر قومی کھیلوں پر کیا خرچ ہوا؟ اسکی تفصیلات سے ایوان بالا (سینیٹ )کو آگاہ کردیا گیا۔ ایوان کو بتایا گیا۔ہاکی،سکواش،اتھلیٹکس اور باکسنگ کے لیے گزشتہ 5برس میں مجموعی طور پر 58 کروڑ 27 لاکھ روپے دیے گئے۔وزارت بین الصوبائی رابطہ نے ہاکی،سکواش اور باکسنگ سمیت دیگر کھیلوں میں زوال کے حوالے سے رپورٹ تیار کی ہے۔ وزارت کی جانب سے گزشتہ پانچ سال کے دوران کھیلوں کے لیے دی گئی مالی امداد کا ریکارڈ بھی تیارکیاگیا ہے۔وزارت بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان کے کھیلوں سے متعلق رپورٹ ایوان بالا (سینیٹ ) میں پیش کی ہے۔وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہیمیدہ مرزا کی طرف سے پیش گئے تحریری جواب میں کہا گیاہے کہ ہاکی،سکواش،اتھلیٹکس اور باکسنگ میں کارکردگی مایوس کن ہے۔ ان گیمز میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو جو امداد دی گئی وہ بھی تسلی بخش نہیں ہے۔ہاکی،سکواش،اتھلیٹکس اور باکسنگ کے لیے گزشتہ 5برس میں مجموعی طور پر 58 کروڑ 27 لاکھ روپے دیے گئے۔دستاویز کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کو پانچ سال کے دوران 42 کروڑ 25 لاکھ روپے سے زائد ادا کیے گئے۔ سکواش کے لیے 12 کروڑ 14 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی۔ اتھلیٹکس کے لیے 2 کروڑ 44 لاکھ اور باکسنگ کو صرف 1 کروڑ 11 لاکھ روپے سے زائد ادا کیے گئے۔وزارت بین الصوبائی رابطہ کی طرف سے تیار کی گئی دستاویز میں کہا گیاہے کہ ان کھیلوں میں نچلی سطح پر تربیت اور اندرونی سیاست کے باعث نظم و ضبط کا بھی فقدان ہے۔مذکورہ گیمز میں کھلاڑیوں کا نا مناسب انتخاب کیا جاتا ہے اور عالمی سطح پر مواقع بھی نہیں ملتے۔وزارت بین الصوبائی رابطہ کی طرف سے سنوکر اور کرکٹ کی ٹیموں کی کارکردگی کوتسلی بخش قرار دیاگیا ہے۔