ڈاکٹرثانیہ نشتر کا برقعہ پہن کر احساس ادائیگی مرکز کا دورہ ،انتظامات کا جائزہ لیا

May 09, 2020

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) )احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت مالی معاونت کی فراہمی کا عمل ایک ماہ سے تمام ملک میں جاری ہے۔ اب تک کیٹگری1 اور 2 کے 73 لاکھ مستحقین میں 89 ارب کی امدادی رقوم تقسیم کی جا چکی ہیں آج کیٹیگری 3 کے صارفین کو امدادی رقوم کی تقسیم کا آغاز کر دیا گیا۔ کیٹیگری 3کے مستحقین کا انتخاب ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے آج ایک عام صارف کا بھیس بدل کر نور پور شاہاں ،بری امام اسلام آباد میں واقع احساس ایمرجنسی کیش تقسیم کے مرکز کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد احساس ایمرجنسی کیش ادائیگی مرکز پر صارفین کی سہولت اور آسانی کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔ڈاکٹرثانیہ برقعہ پہن کر ایک عام صارف کی طرح مرکز پہنچیں اور وہاں موجود خواتین کے ساتھ بیٹھیں۔انھوں نے رقوم کی تقسیم کے تمام عمل اور وہاں موجود عملے کے صارفین کے ساتھ رویے کا بطور صارف خود جائزہ لیااور وہاں12,000 کی امدادی رقم وصول کرنے کیلئے آنے والی مستحقین سے بات چیت کی۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران انھوں نے بتایا کہ اس طرح کے سر پرائز وزٹ احساس ایمر جنسی کیش مالی امداد کی تقسیم کے تمام عمل کی نگرا نی ، سسٹم میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہیں۔میرا ہی یقین ہے کہ اس طرح کے وزٹ پالیسی سازی کے عمل میں نہایت معاون ثابت ہوتے ہیں ۔ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کا آغاز وزیر اعظم عمران خان کی خاص ہدایات کے تحت کرونا لاک ڈائون سے متاثرہ متوسط ، دیہاڑی دار اور غریب طبقے کے مستحق خاندانوں کی امداد کیلئے 9 اپریل 2020 سے کیا گیا ۔

مزیدخبریں