دبئی سے 279 پاکستانی لاہور، 285 فیصل آباد پہنچ گئے

May 09, 2020

لاہور/ فیصل آباد (نیوز رپورٹر+ آن لائن) دبئی سے 4 پروازوں میں 279 مزید پاکستانی لاہور، 285 فیصل آباد پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق دبئی سے مزید 285 پاکستانی دو فلائٹس کے ذریعے فیصل آباد پہنچے جن کا ائرپورٹ پر ڈپٹی کمشنر محمد علی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس عاصمہ اعجاز چیمہ اور اسسٹنٹ کمشنر سمندری فیصل سلطان نے خیرمقدم کرکے انہیں کورنٹائن کے لئے قرنطینہ سنٹرز و ہوٹلز منتقل کرایا۔ پہلی پرواز کے ذریعے آنے والے 140 مسافروں میں سے 100 مسافر پارس قرنطینہ سنٹر، باقی مسافر ہوٹل میں کورنٹائن ہو گئے۔ دوسری فلائٹ کے 145مسافروں میں سے 114 کو جی سی نیو کیمپس، باقی مختلف ہوٹلز میں قرنطینہ کے لئے شفٹ کر دیئے گئے۔ 48 گھنٹے گزرنے کے بعد ان کے کورونا وائرس کی جانچ کے لئے سیمپلز لئے جائیں گے۔ دریں اثناء ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور نے رات گئے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو قرنطینہ سنٹرز منتقل کیا۔ انہوں نے کہا کہ279 مسافروں کو دو پروازوں کے ذریعے لاہور ائیرپورٹ پر اتارا گیا، دونوں پروازیں دبئی سے لاہور آئیں اور مسافروں کی لاہور ائیر پورٹ پر ابتدائی سکریننگ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کوخصوصی بسوں میں سوار کرکے قرنطینہ سنٹرز اور پرائیویٹ ہوٹلوں میں منتقل کیا گیا سحری بھی فراہم کی گئی۔

مزیدخبریں