موٹر سائیکل ٹکرانے کا شاخسانہ ،سارا دن فریقین میں لڑائیاں ہوتی رہیں

May 09, 2020

کلر سیداں (نامہ نگار) موٹر سائیکل ٹکرانے کا شاخسانہ ،سارا دن فریقین میں لڑائیاں ہوتی رہیں ایک فریق کے تیس سے زائد افراد نے افطاری کے فوری بعد گائوں پر حملہ کر دیا ،نماز پڑھتی خاتون سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او کلر سیداں انسپکٹر ملک اللہ یار پولیس کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں میں ابتدائی طبی امداد کے بعد راولپنڈی روانہ کر دیا۔پولیس کے مطابق جمعرات کی صبح کلر سیداں بائی پاس پر مہیرہ سنگال کے ایک شخص کا موٹر سائیکل ٹکرانے سے طاہر انجم نامی شخص موٹر سائیکل سے گر کر زخمی ہو گیا تھا جس کے بعد دونوں کے درمیان گالم گلوچ کے بعد معاملہ رفع دفع ہو گیامگر سہ پہر 3 بجے کے وقت طاہر انجم سکنہ منگال اپنی بے عزتی بدلہ لینے کیلئے اپنے 10/15 نوجوان ساتھیوں کے ہمراہ موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر مہیرہ سنگال پہنچ گیا جہاں دونو ں طرف سے ڈنڈوں، ہاکیوں اور لاتوں مکوں کا آز ادانہ استعمال کیا گیا اور اس دوران حملہ آوور ہونے وا لے افراد کے پانچ کے قریب موٹر سائیکل چھین لئے اور توڑ پھوڑ کر کے انہیں شدید نقصان پہنچایا جس کے بعد مغرب کے قریب مہیرہ سنگال کے 30/35 نو جو ان اسلحہ سے لیس ہو منگال پہنچ گئے اور فائرنگ شروع کر دی اور اس دوران منگال کی مساجد سے اعلان کئے جاتے رہے کہ گھر میں اسلحہ یا ڈنڈا وغیرہ جو بھی مو جود ہے لے کر باہر آ جائیں اور اس دوران دونوں طر ف سے فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے نتیجے میں 40 سالہ گل ناز نامی خاتون جو کہ نماز پڑھ رہی تھی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گئی جبکہ ناک پر ہاکی لگنے سے سمی نامی نوجوان بھی زخمی ہو گیا۔ذرائع کے مطابق خاتون سمیت زخمیوں کی تعداد تین بتائی جاتی ہے ۔ سب انسپکٹر ریاض گورائیہ مصروف تفتیش ہیں۔

مزیدخبریں