شہباز شریف چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیس میں شامل تفتیش ، نیب نے سوالنامہ بھیج دیا

May 09, 2020

اسلام آباد+ملتان (وقائع نگار خصوصی+سپیشل رپورٹر) نیب نے شہباز شریف کو چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیس میں شامل تفتیش کرتے ہوئے تحریری سوال نامہ ارسال کر دیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق چولستان ڈویلپمنٹ کے افسروں‘ عہدیداران شہباز شریف‘ سابق رکن قومی اسمبلی بلیغ الرحمن‘ چودھری عمر محمود ایڈووکیٹ سمیت دیگر کے خلاف انکوائری کی جا رہی ہے۔ نیب ملتان چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی 14 ہزار 400 کینال زمین کو لال سوہانرا پارک کے 144 متاثرین کو الاٹمنٹ کی انکوائری کر رہا ہے۔ نیب نے شہباز شریف سے کہا ہے کہ مذکورہ الاٹمنٹ میں آپ کے کردار اور سوالات کا تحریری جواب دینے کے لئے سوال نامہ بھی دیا گیا ہے اور جس کا 18 مئی 2020ء تک تحریری جواب جمع کرائیں۔ واضح رہے کہ شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے لئے نیب لاہور نے گزشتہ ہفتے طلب کیا تھا جہاں انہوں نے پیش ہو کر سوالوں کے جوابات دیئے تھے تاہم نیب نے عدم اطمینان کا اظہار کر دیا تھا۔ ادھر ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کی طلبی کو مضحکہ خیز قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے نیب ملتان کی جانب سے شہباز شریف کو بھجوائے گئے سوال نامے پر ردعمل میں کہا کہ اربوں کھربوں کے جھوٹے الزامات میں ایک دھیلے کی کرپشن نہ ملی جس کے بعد 1976ء کا کیس بنانے پر نیب حکومت گٹھ جوڑ کو شرم آنی چاہئے۔ انہوں نے سابق وفاقی وزیر بلیغ الرحمن کو جاری نوٹس کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلیغ الرحمن کو نواز شریف شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) سے وفاداری کی سزا دی جا رہی ہے۔ جنوبی پنجاب کے لوگوں کو دھوکہ دے کر حکومت میں آنے والوں کو وہاں کے غریبوں کی مدد پر اعتراض ہے۔ انہوں نے کہا منی لانڈرنگ کے جھوٹے الزامات میں ناکامی کے بعد نیب نیازی گٹھ جوڑ کا نیا شاہکار ہے۔دوسری جانب نیب نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ نیشنل پارک بہاولپور متاثرین کیس میں شہباز شریف کے کردار پر وضاحت کا کہا ہے کہ شہباز شریف ‘ رانا ثناء اللہ اور بلیغ الرحمن کو طلب نہیں کیا گیا شہبا زشریف‘ بلیغ الرحمان‘ رانا ثناء اللہ کو بھی سوالنامہ بھیجا گیا۔

مزیدخبریں