ایل او سی پر خلاف ورزیاں ، سینئر بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی، احتجاج

May 09, 2020

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی جانب سے سیزفائر کی خلاف ورزی پر پاکستان نے بھارتی سینئر سفارت کار کو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا اور احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پھر مسلسل فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہتا ہے۔ گزشتہ روز بھی بلااشتعال فائرنگ سے چھ شہری زخمی ہوئے تھے۔ ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروق کا کہنا تھا بھارت کی جانب سے گزشتہ روز ایل اوسی پر سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی اشتعال انگیزی سے 6 شہری زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا بھارت مسلسل سول آبادی کو نشانہ بنارہا ہے۔ بھارت کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کا بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ جو اقوام متحدہ اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ دفترخارجہ میں بھارتی سینئرسفارت کار کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

مزیدخبریں