933 طالبان قیدیوں کو رہا کیا جاچکا:ترجمان افغان سکیورٹی کونسل

May 09, 2020

کابل (صباح نیوز) افغان انتظامیہ امریکہ کے ساتھ افغانستان میں جنگ کے خاتمے کے معاہدے کے تحت اب تک 900 سے زائد طالبان قیدیوں کو رہا کرچکی ہے۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ رہائی امریکہ اور طالبان کے درمیان 29 فروری کو طے کیے گئے معاہدے میں شامل قیدیوں کے تبادلے کے پروگرام کا حصہ ہے جس میں درجنوں افغان سکیورٹی اہلکاروں کو بھی رہا کیا گیا ہے۔اس حوالے سے افغانستان کی نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان جاوید فیصل نے بتایا کہ اب تک افغان جیلوں سے 9 سو 33 طالبان قیدیوں کو رہا کیا جاچکا ہے۔دوسری جانب افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاد نے بتایا کہ بدلے میں کابل انتظامیہ کے ایک سو 32 قیدیوں کو رہا کیا گیا۔امریکی نمائندہ برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد قیدیوں کے تبادلے کو جنگ زدہ ملک میں تشدد کی کمی کی جانب 'اہم قدم' سمجھتے ہیں۔افغان حکام کا کہنا ہے کہ کابل نے اب تک کم خطرہ رکھنے والے طالبان قیدیوں کو رہا کیا ہے جو لڑائی سے دور رہنے کے عزم کا اظہار کرچکے ہیں۔

مزیدخبریں