اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز)چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے سیکرٹری داخلہ کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے سیکرٹری داخلہ کو مستحق افراد کیلئے فری کورونا ٹیسٹ کی فراہمی و کمیٹی کو جامع رپورٹ جمع کرنے کی ہدایات جاری کی ہیںسینیٹر رحمان ملک نے خط سیکرٹری داخلہ کو قائمہ کمیٹی داخلہ کے 37 نکاتی اینٹی کورونا نیشنل ایکشن پلان کے تسلسل میں لکھا ہے ۔ خط میں چیئر مین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے کہا ہے کہ حکومت مستحق و غریب مریضوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ کے چارجز خود برداشت کرے ،غریب مریضوں کیلئے سرکاری ہسپتالوں میں فری ٹیسٹ کی سہولت فراہم کیا جائے،نجی لیبارٹریز کو حکومت معاوضہ ادا کرے جہاں مستحق افراد کے کورونا ٹیسٹ فری ہوسکے ، 12 مارچ کو سینیٹ کمیٹی داخلہ نے ہدایات دیں تھیں کہ عوام کو مفت کورونا ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جائے، فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹر اور نرسوں کو حفاظتی کٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ڈاکٹرز و دیگر طبی عملے میں کورونا وائرس ہونے کی وجہ سے طبی عملہ پریشانی و خوف کا شکار ہے۔